’تمل ناڈو اسمبلی انتخاب 2026‘ کے لیے وزیر اعلیٰ کا چہرہ تھلاپتی وجئے ہوں گے، ٹی وی کے کا اعلان
ٹی وی کے نے جمعہ کو اعلان کیا کہ تمل ناڈو اسمبلی انتخاب میں مشہور اداکار اور تھلاپتی وجئے کو وزیر اعلیٰ کا امیدوار بنایا گیا ہے۔ اس درمیان وجئے نے واضح کیا کہ وہ بی جے پی سے ہاتھ نہیں ملائیں گے۔

تھلاپتی وجئے (فائل) تصویر@blakeninjaa
تمل ناڈو میں آئندہ سال اسمبلی انتخاب ہونا ہے۔ اس سلسلے میں سیاسی سرگرمیاں ابھی سے تیز ہوتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں۔ تمل ناڈو کی سیاست میں قدم رکھ چکے مشہور و معروف اداکار تھلاپتی وجئے اس انتخاب میں بہت اہم کردار نبھانے والے ہیں۔ ایسا اس لیے، کیونکہ ان کی پارٹی ’تملگا ویتری کژگم‘ (ٹی وی کے) نے جمعہ کو اعلان کر دیا کہ پارٹی نے آئندہ اسمبلی انتخاب 2026 میں تھلاپتی وجئے وزیر اعلیٰ امیدوار ہوں گے۔ اس اعلان سے یہ بھی صاف ہو گیا کہ ٹی وی کے ہر چھوٹی بڑی سیاسی پارٹی سے مقابلے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
پارٹی کی طرف سے وزیر اعلیٰ امیدوار بنائے جانے کے بعد اداکار سے سیاسی لیڈر بنے وجئے نے اپنا رد عمل بھی ظاہر کر دیا ہے۔ انھوں نے بی جے پی کے ساتھ اتحاد کی قیاس آرائیوں پر لگام لگاتے ہوئے صاف صاف کہہ دیا ہے کہ ان کی پارٹی کبھی بھی بی جے پی کے ساتھ اتحاد نہیں کرے گی۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ سامنے ہو یا پیچھے، ٹی وی کے قطعی بی جے پی کے ساتھ نہیں چلے گی۔ وجئے نے تو بی جے پی کو اپنا دشمن قرار دے دیا ہے، اور کہا ہے کہ بی جے پی کسی دوسری ریاست میں اپنی پالیسیوں سے نقصان پہنچا سکتی ہے، لیکن تمل ناڈو میں ایسا نہیں ہونے دیں گے۔
تھلاپتی وجئے کا کہنا ہے کہ تمل ناڈو میں سیاسی لڑائی اَنّا اور پیریار جیسے لیڈران کے اصولوں کا احترام کرتے ہوئے لڑنی ہوگی۔ ٹی وی کے کسی بھی حالت میں بی جے پی کے ساتھ ہاتھ نہیں ملائے گی، اور نہ ہی ڈی ایم کے یا اے آئی اے ڈی ایم کے جیسی پارٹیوں کے ساتھ اتحاد کرے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔