اتراکھنڈ کے ٹہری میں پیش آیا خوفناک سڑک حادثہ، 300 میٹر گہری کھائی میں گری گاڑی، 8 کی موت، وزیر اعلیٰ کا اظہار افسوس

ٹہری کی ضلع مجسٹریٹ نتیکا کھنڈیلوال نے بتایا کہ ایک گاڑی کھائی میں گر گئی۔ اب تک 8 مسافروں کی موت کی اطلاع ملی ہے۔ موقع پر پولیس، انتظامیہ اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیم ریسکیو آپریشن چلا رہی ہے۔

سڑک حادثہ، تصویر یو این آئی
i
user

قومی آواز بیورو

اتراکھنڈ کے ٹہری گڑھوال ضلع میں جمعرات (23 اپریل) کو دوپہر کے وقت ایک دردناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ چمبا-کوٹی روڈ پر ایک گاڑی 300 میٹر گہری کھائی میں گر گئی۔ حادثے میں 8 مسافروں کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ کئی دیگر زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس انتظامیہ کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ فی الحال ایس ڈی آر ایف کی ٹیم نے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے۔ گہرائی زیادہ ہونے کی وجہ سے ایس ڈی آر ایف کو جائے وقوعہ تک پہنچنے میں وقت لگ رہا ہے۔

واضح رہے کہ یہ دردناک حادثہ چمبا کے علاقے نیل-کوٹی کالونی روڈ پر پیش آیا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق بولیرو کیمپر رشی کیش سے گھنسالی کی طرف جا رہا تھا۔ چمبا-کوٹی روڈ پر نیل کے قریب اچانک کیمپر بے قابو ہو کر کھائی میں گر گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ کیمپر میں تقریباً 9 سے 10 افراد سوار تھے، جن میں سے 8 افراد کی موت ہو گئی، جبکہ 2 افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا ہے۔


زخمیوں کو ضلع اسپتال بوراڑی میں بھرتی کر علاج کیا جا رہا ہے۔ ٹہری کے ضلع ڈیزاسٹر مینجمنٹ آفیسر برجیش بھٹ نے حادثے میں 8 افراد کی موت کی تصدیق کی ہے۔ ٹہری کی ضلع مجسٹریٹ نتیکا کھنڈیلوال نے بتایا کہ ایک گاڑی کھائی میں گر گئی۔ اب تک 8 مسافروں کی موت کی اطلاع ملی ہے۔ موقع پر پولیس، انتظامیہ اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیم ریسکیو آپریشن چلا رہی ہے۔

دوسری جانب ریاستی وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے اس اندوہناک حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’ضلع ٹہری گڑھوال کے چمبا علاقے میں نیل-کوٹی کالونی روڈ پر گاڑی کے حادثے کا شکار ہونے کی انتہائی افسوسناک خبر موصول ہوئی۔ دعا ہے کہ ایشور آنجہانی روحوں کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور سوگوار خاندانوں کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔ ضلع انتظامیہ کو زخمیوں کے بہتر علاج کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ بابا کیدار سے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔