سری نگر میں بھیانک آتشزدگی، قریب دو درجن رہائشی مکان خاکستر، کئی زخمی

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ نور باغ کی گتہ کالونی میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ایک رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے چشم زدن میں متصل مکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: گرمائی دارلحکومت سری نگر کے نور باغ علاقے میں دوران شب آگ کی ایک بھیانک واردات میں کم سے کم دو درجن رہائشی مکان خاکستر ہوگئے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ نور باغ کی گتہ کالونی میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ایک رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے چشم زدن میں متصل مکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ انہوں نے کہا کہ آگ کی اس واردات میں 22 رہائشی مکان اور ایک ٹین شیڈ رکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئے۔

ان کا کہنا تھا کہ خاکستر ہونے والے ڈھانچوں میں گیارہ یک منزلہ، دس دو منزلہ اور ایک تین منزلہ مکان شامل ہے۔ مذکورہ ذرائع نے کہا کہ آگ پر قابو پانے کے دوران ایک فائر فائٹر سمیت چار افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کی شناخت منظور احمد شیخ، طاہر احمد شیخ اور تنویر احمد شیخ کے بطور ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی ہے۔


دریں اثنا محکمہ فائر اینڈ ایمر جنسی سروسز کے ایک عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا کہ جب ہمارا عملہ جائے واردات پر پہنچا تو وہاں موجود لوگوں نے ہمارے کام میں رخنہ ڈالا اور ہم سے پائپیں وغیرہ چھین لی۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران ہمارے بعض اہلکار زخمی بھی ہوگئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر لوگ ہمارے کام میں مداخلت نہ کرتے تو آگ شاید اس قدر بھیانک رخ اختیار نہ کرتی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */