دہلی کے چاندنی چوک کی لاجپت رائے مارکٹ میں خوفناک آتشزدگی، 150 دکانیں خاکستر

قومی راجدھانی دہلی میں آج چاندنی چوک کی لاجپت رائے مارکٹ میں خوفناک آگ لگ گئی، فائر بریگیڈ کی 12 گاڑیوں نے آگ بجھانے کی کوشش کی۔

چاندنی چوک میں لگی آگ، تصویر آئی اے این ایس
چاندنی چوک میں لگی آگ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی کے مشہور چاندنی چوک کی لاجپت رائے مارکٹ میں خوفناک آگ لگ گئی۔ اطلاع موصول ہونے کے بعد موقع پر فائر بریگیڈ کی 12 گاڑیاں پہنچی اور آگ بجھانے کی کوشش کی۔ آگ کس طرح لگی اس کی وجہ کا ابھی انکشاف نہیں ہوا ہے، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے ایسا ہوا ہوگا۔

دہلی فائر سروس کے اسسٹنٹ ڈویژنل آفیسر راجیش شکلا نے کہا ’’کل 105 عارضی دکانوں میں آگ لگی ہے، یہ علاقہ تہ بازاری کے تحت آتا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ آگ بجلی کی خرابی کی وجہ سے لگی۔ اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ آگ بجھ گئی ہے، کولنگ چل رہی ہے۔‘‘


محکمہ فائر بریگیڈ کے ساتھ مقامی لوگوں کی بڑی تعداد بھی موجود ہے جو امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ فائر ڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ ہمیں صبح تقریباً 5.45 بجے آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ حادثے میں کروڑوں روپے کے نقصان کا خدشہ ہے۔

خیال رہے کہ چاندنی چوک واقع لاجپت رائے مارکٹ پورے ملک میں مشہور ہے۔ الیکٹرانک سامان کے علاوہ یہاں کپڑے کی دکانیں بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ اس بازار میں روزانہ لاکھوں لوگ خریداری کے لیے آتے ہیں۔ چاندنی چوک اپنی پراٹھا گلی اور تنگ گلیوں کے لیے بھی مشہور ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔