راجدھانی دہلی میں درجہ حرارت 45 ڈگری کے پار، شمالی ہند سمیت ملک کے کئی علاقوں میں گرم لہر جاری

محکمۂ موسمیات نے بتایا کہ پنجاب اور ہریانہ میں جاری لو مزید شدید ہو گئی ہے۔ فریدکوٹ میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 47.3 ڈگری اور روہتک میں 46.9 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔

<div class="paragraphs"><p>گرمی کی علامتی تصویر / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

ہندوستان کی راجدھانی دہلی میں منگل کے روز اس ماہ کا پہلا ’ہیٹ ویو‘ (لو) والا دن درج کیا گیا، جہاں خشک ہواؤں اور تیز دھوپ کی وجہ سے درجۂ حرارت 45 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کر گیا۔ محکمۂ موسمیات نے آنے والے دنوں میں گرم لہر سے لے کر شدید گرم لہر جیسی صورت حال کے پیش نظر ’اورینج الرٹ‘ جاری کر دیا ہے۔

ہندوستانی محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق شہر کے مرکزی موسم نگرانی مرکز صفدر جنگ میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 45.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے 4.7 ڈگری زیادہ اور گزشتہ دن کے مقابلے میں 1.7 ڈگری زیادہ تھا۔ پالم مرکز میں بھی درجۂ حرارت 45.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے 3.8 ڈگری زیادہ تھا اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس میں 1.6 ڈگری کا اضافہ ہوا۔ اسی طرح لودی روڈ مرکز میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 45.2 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا، جو معمول سے 6.2 ڈگری زیادہ اور گزشتہ دن کے مقابلے میں 1.4 ڈگری زیادہ تھا۔ اس کے ساتھ یہاں باضابطہ طور پر ہیٹ ویو کی صورت حال بھی ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب رِج مرکز میں شہر کا سب سے زیادہ درجۂ حرارت 46.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے 5 ڈگری زیادہ تھا اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں اس میں 1.9 ڈگری کا اضافہ ہوا۔


محکمۂ موسمیات نے 25 مئی تک ’اورینج الرٹ‘ جاری کیا ہے، جس میں شہر کے کئی حصوں میں لو سے لے کر شدید لو کی صورت حال کی وارننگ دی گئی ہے۔ بدھ کے لیے آئی ایم ڈی نے کم از کم درجۂ حرارت 27 ڈگری سیلسیس اور زیادہ سے زیادہ 44 ڈگری سیلسیس رہنے کا اندازہ ظاہر کیا ہے، ساتھ ہی ’اورینج الرٹ‘ بھی جاری کیا ہے۔

صرف دہلی ہی نہیں، شمالی ہندوستان سمیت ملک کے کئی حصوں میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کا اثر مسلسل بڑھتا جا رہا ہے۔ دہلی-این سی آر کے کئی علاقوں میں صبح سے ہی تیز دھوپ اور گرم ہواؤں نے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق راجستھان، پنجاب، ہریانہ، اتر پردیش اور مدھیہ پردیش کے کئی حصوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ہیٹ ویو کی صورتِ حال برقرار رہ سکتی ہے۔


اتر پردیش کے باندا ضلع میں منگل کے روز درجۂ حرارت 48.2 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا، جبکہ اندور کے حکام نے منگل کو بتایا کہ شدید گرمی میں کار کے اندر پھنس جانے کے باعث ممکنہ طور پر دم گھٹنے کے سبب 4 سالہ بچی کی موت ہو گئی۔ دوسری طرف پنجاب میں بڑھتے درجۂ حرارت نے فریدکوٹ کے لوگوں کی زندگی دشوار کر دی، جہاں دن کا درجۂ حرارت 47.3 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا۔ اسی طرح مہاراشٹر کے ودربھ علاقے کے بیشتر شہر بھی شدید لو کی زد میں رہے، جہاں امراوتی میں درجۂ حرارت 46.8 ڈگری سیلسیس تک ریکارڈ کیا گیا۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق منگل کو چتوڑ گڑھ میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 46.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد یہ راجستھان کا سب سے زیادہ گرم مقام بن گیا۔ سری گنگا نگر میں درجۂ حرارت بڑھ کر 45.9 ڈگری سیلسیس ہو گیا۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق الور میں 45.8 ڈگری، پلانی میں 45.3، پھلودی اور چورو میں 44.8، کوٹا میں 44.4، بیکانیر میں 43.8 ڈگری درجۂ حرارت ریکارڈ کیا گیا، جبکہ جے پور میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 43.2 ڈگری سیلسیس رہا۔ محکمۂ موسمیات نے آئندہ ایک ہفتے تک مغربی راجستھان کے بعض علاقوں میں اسی طرح کے موسم اور لو چلنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔


محکمۂ موسمیات نے بتایا کہ جنوبی اتر پردیش کے کئی مقامات اور ریاست کے دیگر علاقوں میں بعض جگہوں پر لو (گرم ہوا) سے لے کر شدید لو چلنے کا قوی امکان ہے۔ محکمے نے مغربی اتر پردیش کے بعض مقامات پر رات کے وقت بھی گرمی برقرار رہنے کی وارننگ دی ہے۔ آئندہ چند دنوں تک شدید گرمی اور لو کے حوالے سے آئی ایم ڈی کی تنبیہ کے بعد محکمۂ صحت بھی الرٹ پر ہے۔ محکمۂ موسمیات نے مزید بتایا کہ پنجاب اور ہریانہ میں جاری لو مزید شدید ہو گئی ہے۔ فریدکوٹ میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 47.3 ڈگری اور روہتک میں 46.9 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔