دہلی میں درجہ حرارت 40 ڈگری سے تجاوز، پورے مہینے رہے گی سخت گرمی!

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ دہلی میں مانسون معمول سے 12 دن پہلے یعنی کہ 15 جون کو پہنچ سکتا ہے، قومی راجدھانی میں مانسون عموماً 27 جون تک پہنچتا ہے جبکہ ملک بھر میں یہ 8 جولائی تک پہنچ جاتا ہے

دہلی میں گرمی / Getty Images
دہلی میں گرمی / Getty Images
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ملک کی بیشتر ریاستوں میں جہاں لگاتار بارش ہو رہی ہے وہیں قومی راجدھانی دہلی میں لوگوں کو شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دہلی کا درجہ حرارت اس وقت 40 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کر چکا ہے اور خیال کیا جا رہا ہے کہ اس مہینے گرمی سے نجات نہیں مل پائے گی۔

محکمہ موسمیات کی تازہ پیشن گوئی کے مطابق دہلی والوں کو مانسون کی بارش کا ابھی اور انتظار کرنا پڑے، کیونکہ اس پورے مہینے کے دوران مانسون کے آنے کا امکان نہیں ہے۔ نتیجتاً دہلی والوں کو شدید گرمی برداشت کرنی ہوگی۔ دہلی میں آئندہ 7 دنوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس کے قریب رہنے کا امکان ہے۔ دہلی میں بدھ کے روز 13 دنوں کے بعد ایک بار پھر زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سے تجاوز کر گیا، جبکہ کم از کم درجہ حرارت 28 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو اس موسم کے مطابق معمول پر ہے۔


محکمہ موسمیات کے مطابق مانسون کیرالہ میں دو دنوں کی تاخیر سے پہنچا ہے اور اس کے بعد مشرقی، وسطی اور شمال مشرقی ہندوستان میں معمول سے سات روز قبل بارشیں شروع ہو گئیں۔ دہلی، راجستھان کے کچھ علاقوں، ہریانہ اور پنجاب میں جون کے اواخر تک بارش کے پہنچنے کا امکان نہیں ہے۔ اگرچہ 26 جون کو دہلی-این سی آر میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے لیکن اس سے لوگوں کو گرمی میں راحت نہیں مل پائے گی۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ دہلی میں مانسون معمول سے 12 دن پہلے یعنی کہ 15 جون کو پہنچ سکتا ہے، قومی راجدھانی میں مانسون عموماً 27 جون تک پہنچتا ہے جبکہ ملک بھر میں یہ 8 جولائی تک پہنچ جاتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔