تلنگانہ ’اسپیس ٹیک ہب‘ کے طور پر ابھر رہا ہے: وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی
ریونت ریڈی نے کہا کہ ’’نوجوانوں کو اختراع کی سمت میں قدم اٹھانا چاہیے۔ انہیں بڑے خواب دیکھنے چاہئیں۔ انہیں اس وقت تک پورے عزم کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے، جب تک وہ خواب حقیقت نہ بن جائیں۔‘‘

تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے اتوار (23 اگست) کو کہا کہ اسٹارٹ اپس کو فروغ دے کر تلنگانہ ایک اسپیس ٹیک ہب کے طور پر ابھر رہا ہے۔ ریونت ریڈی نے ’نیشنل اسپیس ڈے‘ کے موقع پر سائنس دانوں، انجینئروں اور تکنیکی ماہرین کو مبارکباد پیش کی۔ وزیر اعلیٰ نے ان تمام سائنس دانوں، انجینئروں، تکنیکی ماہرین اور دیگر ملازمین کو مبارکباد دی، جنہوں نے اپنی شاندار سائنسی کامیابیوں سے خلائی شعبے میں ہندوستان کا وقار بڑھایا ہے۔
خبر رساں ایجنسی ’آئی اے این ایس‘ کے مطابق وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے کہا کہ ’’چندریان-3 کی کامیابی کے ساتھ ہندوستان نے چاند کے جنوبی قطبی خطے میں قدم رکھ کر دنیا کو اپنی سائنسی اور تکنیکی طاقت دکھائی ہے۔ ان کامیابیوں کے پیچھے برسوں کی سخت محنت، لگن اور مسلسل تحقیق ہے۔ میں اس بڑی کامیابی میں تعاون دینے والے ہر فرد کو دل سے مبارکباد دیتا ہوں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’نوجوانوں کو اختراع کی سمت میں قدم اٹھانا چاہیے۔ انہیں بڑے خواب دیکھنے چاہئیں۔ انہیں اس وقت تک پورے عزم کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے، جب تک وہ خواب حقیقت نہ بن جائیں۔ سائنس ہماری طاقت ہے، اختراع ہمارا مستقبل ہے اور خلا ہمارا اگلا ہدف ہونا چاہیے۔‘‘
دوسری جانب بین الاقوامی خلائی دن کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے نئی دہلی میں ’اسپیس اسٹارٹ اپس‘ کے سی ای اوز اور بانیوں سے گفتگو کی۔ اس بات چیت کے دوران وزیر اعظم نے لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے خلائی ٹیکنالوجی کے وسیع پیمانے پر استعمال پر زور دیا۔ وزیر اعظم مودی نے بات چیت کی ویڈیو ایکس پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’ہندوستان کے سب سے ہونہار اسپیس اسٹارٹ اپس سے ملاقات ہوئی۔ ہمیشہ کی طرح ان کی توانائی اور بلند حوصلوں کو دیکھ کر بہت متاثر ہوا۔ آپ کو ان کی سوچ اور مثبت نقطۂ نظر ضرور پسند آئے گا۔ مجھے ضرور بتائیں، ہندوستان کے خلائی سفر کے بارے میں آپ کو سب سے زیادہ کیا چیز خوش کرتی ہے۔‘‘
وزیر اعظم نے تمام سی ای او اور بانیوں سے کہا کہ ’’آپ لوگوں نے ایک نئے شعبے میں ہمت دکھائی ہے۔ سب سے بڑی بات یہ ہے کہ آپ نے حکومت کی بات پر بھروسہ کیا۔ میرا ماننا رہا ہے کہ ہم جو بھی فیصلہ کریں، اس پر قائم رہیں اور بار بار تبدیلی نہ کریں۔‘‘ ہندوستان کے پہلے اسپیس ٹیک یونیکورن کے سی ای او نے وزیر اعظم مودی کو بتایا کہ ’’18 جولائی کو ہم نے ہندوستان کا پہلا نجی راکٹ کامیابی کے ساتھ لانچ کیا تھا، یہ ابھی شروعات ہے۔ اگلے سال ہم ہر ماہ ایک راکٹ لانچ کرنے کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں، اس کے لیے 3 فیکٹریاں تیار ہیں۔ ان فیکٹریوں میں ایک ماہ میں ایک راکٹ بنانے کی صلاحیت ہے۔ میرا خواب ہے کہ ہر ہفتے اور پھر ہر دن ایک راکٹ لانچ کیا جائے۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
