تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ سے ملاقات، بیراج کے لیے این او سی طلب
تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ وشنو دیو سائے سے سماکا ساگر بیراج کے لیے این او سی طلب کیا ہے۔ منصوبے کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے

حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی نے چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ وشنو دیو سائے سے اپیل کی ہے کہ دونوں ریاستوں کی سرحد پر دریائے گوداوری پر تعمیر کیے گئے ’سماکا ساگر بیراج‘ کے لیے عدم اعتراض سرٹیفکیٹ (این او سی) جاری کیا جائے۔ انہوں نے اس منصوبے کے لیے زیر التوا دیگر منظوریوں کے حصول میں بھی چھتیس گڑھ حکومت سے تعاون کی درخواست کی ہے۔
وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے منگل کو چھتیس گڑھ کے دارالحکومت رائے پور میں آبپاشی کے وزیر این اتم کمار ریڈی کے ہمراہ وزیر اعلیٰ وشنو دیو سائے سے ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے تلنگانہ میں ال نینو موسمی حالات کے باعث پیدا ہونے والی خشک سالی اور پانی کی بڑھتی ہوئی ضروریات سے انہیں آگاہ کیا۔
تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ نے چھتیس گڑھ حکومت سے سماکا ساگر بیراج میں پانی ذخیرہ کرنے کی اجازت دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں آبپاشی اور پینے کے پانی کی ضروریات پوری کرنا ہے۔ وزیر اعلیٰ کے دفتر (سی ایم او) کے مطابق وشنو دیو سائے نے یقین دہانی کرائی ہے کہ این او سی جاری کرنے کا عمل جلد مکمل کر لیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ تلنگانہ حکومت نے ابتدا میں سماکا ساگر منصوبے کو کنٹناپلی میں تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ اس وقت اندازہ لگایا گیا تھا کہ منصوبے کے نتیجے میں 11,408 ایکڑ اراضی زیر آب آجائے گی، جس سے 17 قبائلی دیہات اور سلامتی سے متعلق بنیادی ڈھانچہ متاثر ہونے کا خدشہ تھا۔ ڈوب کے علاقے کو کم کرنے کے لیے بعد میں بیراج کی تعمیر کا مقام تبدیل کرکے توپاکولگوڈیم کر دیا گیا۔
آئی آئی ٹی کھڑگپور کی ایک تحقیق کے مطابق، آبی ذخیرے میں پانی کی سطح زیادہ سے زیادہ حد تک پہنچنے پر چھتیس گڑھ کی تقریباً 33 ایکڑ زمین زیر آب آئے گی، جب کہ شدید سیلاب کی صورت میں بھی متاثرہ رقبہ 100 ایکڑ سے زیادہ نہیں ہوگا۔ چھتیس گڑھ حکومت کی درخواست پر تلنگانہ حکومت نے اس مطالعے کے لیے اپریل میں آئی آئی ٹی کھڑگپور کو 9.883 کروڑ روپے ادا کیے تھے۔ ادارے نے 30 جولائی کو اپنی رپورٹ چھتیس گڑھ حکومت کے حوالے کر دی تھی۔
سماکا ساگر بیراج ریاست تلنگانہ کے ضلع مولوگو کے توپاکولگوڈیم میں تعمیر کیا گیا ہے۔ اس کی آبی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 6.94 ٹی ایم سی ہے، جب کہ آبی ذخیرے کی زیادہ سے زیادہ سطح 83 میٹر مقرر کی گئی ہے۔ منصوبے کا بنیادی مقصد دریائے گوداوری کے پانی کو استعمال کرتے ہوئے خشک سالی سے متاثرہ، پسماندہ اور قبائلی علاقوں میں آبپاشی اور پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
ریونت ریڈی نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ تلنگانہ حکومت طے شدہ ضابطوں کے مطابق چھتیس گڑھ میں زمین کے حصول، متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی اور بازآبادکاری کے لیے ضروری فنڈ فراہم کرنے کی پابند ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیراج کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے اور اب عوامی مفاد میں این او سی جاری کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے چھتیس گڑھ حکومت سے باقی ماندہ منظوریوں کے عمل میں بھی تیزی لانے کی اپیل کی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
