’تلنگانہ اسمبلی سی اے اے پر قرارداد منظور کرے گی، اس پر بحث کی ضرورت‘

تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے. چندرشیکھر راؤ نے ایک بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’اسمبلی میں شہریت ترمیمی قانون پر تفصیلی مباحث کی ضرورت ہے۔ بی جے پی کے رکن اسمبلی بھی اپنی رائے کا اظہار کریں۔‘‘

چندرشیکھر راؤ
چندرشیکھر راؤ
user

یو این آئی

حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھر راؤ نے واضح کیا ہے کہ شہریت ترمیمی قانون پر تفصیلی مباحث کی ضرورت ہے۔انہوں نے گورنر کے خطبہ پر تحریک تشکر مباحث کے موقع پر ریاستی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت میں اختلاف رائے فطری بات ہے۔انہوں نے کہاکہ سی اے اے پر مباحث ایک دن میں مکمل نہیں ہوسکتے۔سی اے اے پر بحث کا مطلب بین الاقوامی سطح پر قوم پرستی کے بارے میں بات کرنا ہے۔بی جے پی کے رکن اسمبلی بھی اپنی رائے کا اظہا رکریں۔

وزیر اعلیٰ چندر شیکھر راؤ نے اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی سے خواہش ظاہر کی کہ اس مسئلہ پر تمام ارکان کو بحث کا موقع فراہم کریں تاکہ ہر کسی کو اپنی بات رکھنے کا موقع دیاجاسکے۔چونکہ یہ کافی اہم مسئلہ ہے اس پرمکمل مباحث کی ضرورت ہے۔سی اے اے پر حکومت تمام جماعتوں کو اپنے موقف کے اظہا رکا موقع دے گی۔این پی آر اور این آر سی کے علاوہ سی اے اے پر کسی بھی جماعت کے خیالات الگ ہوسکتے ہیں۔


وزیراعلی نے کہاکہ ان کی پارٹی نے پارلیمنٹ میں سی اے اے کی مخالفت کی تھی۔ملک کی پانچ اسمبلیوں میں اس پرمباحث ہوچکے ہیں۔ریاست کی رائے سے مرکز چاہے اتفاق کرے یا نہ کرے یہ الگ بات ہے۔40تا50افراد کی موت کے سنگین مسئلہ پرمباحث ہونی چاہیے۔ہمیں مرکز کو ہمارے احساسات سے واقف کروانا ہوگا۔ایوان میں اس مسئلہ پر قرارداد منظور کی جائے گی اور اس کو مرکز کو بھیجا جائے گا۔سی اے اے پر ملک میں کشیدہ ماحول پایاجاتا ہے۔سی اے اے پرمباحث ایک ہی دن میں ممکن نہیں ہیں۔آنے والی نسلوں پر اس کے اثرات پڑیں گے۔انہوں نے کہاکہ اسمبلی میں اس مسئلہ پر مباحث کے لئے پہلے ہی کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا جاچکا ہے۔انہوں نے کہاکہ مرکز سے ریاست کو واجب الادا جی ایس ٹی کے بقایہ جات نہیں دیئے گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔