تلنگانہ: بارش سے بے حال سڑکوں کو دیکھ کر نوجوانوں میں غصہ، گھر سے نکل کر کیا انوکھا احتجاج

سدھیر نامی شہری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ خراب سڑکوں کی وجہ سے گاڑی سوار اور راہ گیر زخمی ہو رہے ہیں، آر اینڈ بی عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ فوری طورپر سڑک کی مرمت کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں۔

علامتی، تصویر آئی اے این ایس
علامتی، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

حیدرآباد: بارش سے سڑک کو ہوئے نقصان کی مرمت کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک نوجوان نے انوکھا احتجاج کیا۔ تلنگانہ کے ضلع سوریہ پیٹ کے نڈی گوڑم علاقہ میں حالیہ بارش کے دوران سڑک کو ہوئے نقصان کی مرمت پر زور دیتے ہوئے سدھیر نامی نوجوان سڑک پر پڑے گڑھے پر لیٹ گیا جس میں پانی جمع تھا جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں میں سے ایک ساتھی خراب سڑک پر بیٹھ گیا۔ دیگر نوجوانوں نے بھی سڑک پر کھڑے ہو کر ہاتھوں میں پلے کارڈس لے کر احتجاج کیا۔

بتایا جاتا ہے کہ سدھیر نے بائیک کو گڑھے کے قریب روک دیا اور اچانک بارش کے پانی سے بھرے گڑھے میں لیٹ گیا جس کے ساتھ ہی وہاں سے گزرنے والے کئی افراد نے اس کی ویڈیو اپنے سل فونس میں قید کرلی اور اس کو سوشیل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس پروائرل کر دیا۔ سدھیر نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ عہدیداروں کی جانب سے اس مطالبہ پر ردعمل ظاہر نہ کرنے پر وہ اپنی جان کی قربانی دے گا۔سدھیر اور اس کے ساتھیوں نے ان سے انصاف کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے بازی کی۔ اس اچانک احتجاج کے نتیجہ میں کچھ دیر کے لئے ٹریفک میں رکاوٹ پیدا ہوگئی۔


سدھیر نے اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ خراب سڑکوں کی وجہ سے گاڑی سوار اور راہگیر زخمی ہو رہے ہیں۔ منڈل کے آر اینڈ بی کے عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ فوری طور پر سڑک کی مرمت کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں۔ عوام کی جان ایسی سڑکوں کی وجہ سے جا رہی ہے اور عہدیداروں کو اس کی کوئی فکر نہیں ہے اور ان کی لاپرواہی کا مظاہرہ جاری ہے۔ اس نے کہا کہ ان عہدیداروں کو اس جانب توجہ دلانے کے لئے ہی یہ انوکھا احتجاج کیا گیا۔ انہوں نے ضلع کلکٹر، وزیر عمارات و شارع سے درخواست کی کہ وہ اس جانب فوری طور پر توجہ دیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔