اب سنیما ہال میں کھانا-پینا ہوا سستا اور آن لائن گیمنگ پر 28 فیصد ٹیکس، جی ایس ٹی کونسل نے لیے کئی بڑے فیصلے

جی ایس ٹی کونسل کی میٹنگ میں لیے گئے بڑے فیصلوں کی بات کریں تو سنیما ہال میں ملنے والے فوڈ اینڈ بیوریج پر جی ایس ٹی 18 فیصد سے گھٹا کر 5 فیصد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

جی ایس ٹی، تصویر آئی اے این ایس
جی ایس ٹی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارمن کی صدارت میں منگل کے روز دہلی واقع وگیان بھون میں جی ایس ٹی کونسل کی 50ویں میٹنگ ہوئی۔ اس میٹنگ میں کئی اہم اشیاء اور سروسز پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اہم فیصلے لیے گئے۔ میٹنگ میں لیے گئے بڑے فیصلوں کی بات کریں تو سنیما ہال میں ملنے والے فوڈ اینڈ بیوریج پر جی ایس ٹی 18 فیصد سے گھٹا کر پانچ فیصد کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ لیکن آن لائن گیمنگ، کسینو، ہارس ریسنگ پر 28 فیصد جی ایس ٹی لگانے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔

وزیر مالیات کی صدارت میں منعقد میٹنگ میں لیے گئے بڑے فیصلوں کی بات کریں تو کونسل نے جی ایس ٹی ٹریبونل کی تشکیل کو منظوری دے دی ہے۔ ٹریبونل کی تشکیل سے ٹیکس دہندگان کو بڑی راحت ملے گی، کیونکہ اس سے جی ایس ٹی سے جڑے تنازعات کو آسانی سے نمٹایا جا سکے گا۔ آئندہ چار سے چھ ماہ میں یہ ٹریبونل کام کرنے لگیں گے۔


میٹنگ میں لیے گئے فیصلوں کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے سیتارمن نے بتایا کہ سنیما ہال میں کھانے پینے کے سامان پر جی ایس ٹی کو 18 فیصد سے کم کر کے 5 فیصد کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اب کینسر کی امپورٹیڈ دوا پر آئی جی ایس ٹی نہیں لگایا جائے گا۔ فی الحال اس پر 12 فیصد آئی جی ایس ٹی لگتا ہے، جسے کونسل نے گھٹا کر صفر کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ اس دوا کی ایک خوراک 63 لاکھ روپے کی پڑتی ہے۔

اس کے علاوہ بغیر پکے آئٹم پر جی ایس ٹی کو 18 فیصد سے گھٹا کر 5 فیصد کر دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں امیٹیشن، زری دھاگہ پر ٹیکس کو 12 فیصد سے گھٹا کر اب 5 فیصد کر دیا گیا ہے۔ وزیر مالیات نے بتایا کہ ایس یو وی میں سیڈان کار پر اب 22 فیصد سیس بھی لگے گا۔ اس کے علاوہ گاڑیوں کے رجسٹریشن پر جی ایس ٹی کا شیئر ریاستوں کو دینے پر بھی اتفاق قائم ہو گیا ہے۔


علاوہ ازیں میٹنگ میں آن لائن گیمنگ، ہورس ریسنگ، کیسینو کی پوری قیمت پر 28 فیصد جی ایس ٹی لگانے کا فیصلہ لیا گیا۔ وزیر مالیات نرملا سیتارمن نے فیصلے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ اس ایشو پر تفصیل سے تبادلہ خیال کے بعد یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔ آن لائن گیمنگ انڈسٹری کا آج کے وقت میں کتنا اثر ہے اور اس میں کتنا ریونیو جنریٹ ہو سکتا ہے، ان سبھی پہلوؤں پر ہر ریاست سے مشورہ کے بعد یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔