تمل ناڈو: وجے حکومت نے سرکاری ملازمین اور اساتذہ کو دیا تحفہ، مہنگائی بھتہ میں 2 فیصد کا کیا اضافہ

سرکاری پریس ریلیز کے مطابق مہنگائی بھتہ 58 فیصد سے بڑھ کر 60 فیصد ہو جائے گا۔ یہ اضافہ یکم جنوری 2026 سے مؤثر ہوگا۔ اس اضافے کے سبب ریاستی حکومت پر سالانہ 1230 کروڑ روپے کا اضافی خرچ آئے گا۔

<div class="paragraphs"><p>تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ جوزف وجے، تصویر سوشل میڈیا بشکریہ&nbsp;@CMOTamilnadu</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

وجے کی قیادت والی تملگا ویٹری کژگم (ٹی وی کے) حکومت نے تمل ناڈو کے سرکاری ملازمین اور اساتذہ کو بڑا تحفہ دیا ہے۔ تمل ناڈو کے نومنتخب وزیر اعلیٰ جوزف وجے نے جمعرات کو سرکاری ملازمین اور اساتذہ کے مہنگائی بھتے میں 2 فیصد کے اضافے کا اعلان کیا ہے۔ ایک سرکاری پریس ریلیز کے مطابق اس ترمیم کے ساتھ مہنگائی بھتہ (ڈی اے) 58 فیصد سے بڑھ کر 60 فیصد ہو جائے گا۔ یہ اضافہ یکم جنوری 2026 سے مؤثر ہوگا۔ مہنگائی بھتے میں اضافے سے ریاستی حکومت پر سالانہ 1230 کروڑ روپے کا اضافی خرچ آئے گا۔

پریس ریلیز میں کہا گیا ہے حکومت ضروری اضافی فنڈز مختص کرے گی اور سرکاری ملازمین، اساتذہ، پنشنرز اور فیملی پنشنرز کی فلاح و بہبود کے تئیں اپنی وابستگی کو ثابت کرے گی۔ ساتھ ہی کہا گیا ہے کہ لوگوں کے لیے مختلف فلاحی منصوبے تیار کرنے اور انہیں نافذ کرنے لیے اقدامات کرنے کا عزم کیا ہے۔ اس کے علاوہ وجے نے کہا ہے کہ خواتین کو ’کلیگنار مگلیر اریمی تھوگئی‘ منصوبہ کی مئی ماہ کی قسط جلد ہی دی جائے گی۔ اس منصوبہ کے تحت خواتین کو 1000 روپے دیے جاتے ہیں۔


’کلیگنار مگلیر اریمی تھوگئی‘ کی شروعات سابق دراوڑ منیترا کژگم (ڈی ایم کے) حکومت نے کی تھی اور اس کا نام پارٹی کے ممتاز رہنما ایم کرونانیدھی کے نام پر رکھا گیا۔ وجے کے حوالے سے جاری سرکاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ رقم مستفیدین کے بینک کھاتوں میں جمع کی جائے گی۔ اس میں کہا گیا کہ حکومت کو ’کلیگنار مگلیر اریمی تھوگئی‘ منصوبہ کی تنظیم نو کے لیے وقت چاہیے، جس کے تحت خواتین کو 1000 روپے دیے جاتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ جوزف وجے نے ہدایت دی ہے کہ اس منصوبہ کے تحت مئی کے مہینے کی 1000 روپے کی قسط جلد ہی مستفیدین کے بینک اکاؤنٹس میں براہ راست جمع کر دی جائے گی۔ ریاستی اسمبلی انتخاب سے قبل وجے کی پارٹی تملگا ویٹری کژگم (ٹی وی کے) نے 60 سال سے کم عمر کی خواتین کو ہر ماہ 2500 روپے کی امداد دینے کا وعدہ کیا تھا۔