تمل ناڈو: سپریم کورٹ نے ’دیپم تنازعہ‘ پر ریاستی حکومت اور انتظامیہ کی سخت سرزنش کی
سماعت کے دوران سینئر وکیل جے سائی دیپک نے ہندو منّانی لیڈر رام روی کمار کی جانب سے دلائل پیش کیے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ کا ٹرسٹیوں کی منظوری کا انتظار کرنا ہی عدالتی حکم کی خلاف ورزی تھی۔

تمل ناڈو کی تروپّرن کنڈرم پہاڑی پر واقع ’دیپتھون‘ میں دِیا (چراغ) نہ جلائے جانے کے معاملے میں سپریم کورٹ نے ریاستی حکومت اور انتظامیہ پر سخت تبصرہ کیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ یہ نہیں مانا جا سکتا کہ مندر کے چند نامعلوم ٹرسٹیوں میں سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کرنے کی ہمت پیدا ہو گئی، جب تک انہیں ریاستی حکام کی حمایت حاصل نہ ہو۔ عدالت نے کہا کہ اس معاملے میں ریاست کے چیف سکریٹری سے وضاحت طلب کی جانی چاہیے۔
سماعت کے دوران سینئر وکیل جے سائی دیپک نے ہندو منّانی لیڈر رام روی کمار کی جانب سے دلائل پیش کیے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ کا ٹرسٹیوں کی منظوری کا انتظار کرنا ہی سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی تھی۔ عدالت نے ٹرسٹیوں کو چراغ جلانے والی ٹیم کا انتخاب کرنے کی ذمہ داری سونپی تھی، نہ کہ یہ فیصلہ کرنے کا اختیار دیا تھا کہ چراغ کہاں جلایا جائے گا۔
سائی دیپک نے کہا کہ اگر ٹرسٹیوں کو عدالتی حکم سے اختلاف تھا تو انہیں نظرثانی کی عرضی دائر کرنی چاہیے تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹرسٹیوں کی تقرری ریاستی حکومت کے قانون کے تحت ہوئی تھی اور وہ سرکاری طور پر مقرر کردہ افراد ہیں۔ ان کے مطابق واقعات کی ترتیب سے واضح ہے کہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی کے لیے پہلے ہی سازش رچی گئی تھی۔
وکیل نے ضلع کلکٹر کی اسٹیٹس رپورٹ پر بھی سوال اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ رپورٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا ہے کہ چراغ جلانے والی ٹیم کے اراکین کے نام طے کرنے کے لیے مندر انتظامیہ سے کب رابطہ کیا گیا تھا۔ کلکٹر نے مدراس ہائی کورٹ میں شام 4 بجے پیش ہوتے وقت بھی یہ نہیں بتایا تھا کہ ٹیم کے ناموں کی منظوری ابھی باقی ہے۔
سائی دیپک نے ’اسکند پران‘ اور تمل کیلنڈر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کارتک مہینے میں چراغ جلانے کے لیے 5 تاریخیں مقرر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دوادشی سے شروع ہونے والی یہ رسم 5 دسمبر 2026 سے شروع کی جا سکتی ہے۔ دوسری طرف سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر عمل نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے عدالت سے درخواست کی کہ مبینہ توہین عدالت کرنے والوں کو سننے سے پہلے انہیں اسی مقام پر چراغ جلا کر اپنی توہین عدالت کی تلافی کرنے کی ہدایت دی جائے، جہاں چراغ جلایا جانا تھا۔
