تمل ناڈو: وزیر اعلیٰ وجے نے کامن ویلتھ گیمز میں میڈل جیتنے والے ایتھلیٹس کو اعزاز سے نوازا
وزیر اعلیٰ سی جوزف وجے نے سکریٹریٹ میں کامن ویلتھ گیمز 2026 میں میڈل جیتنے والے تمل ناڈو کے ایتھلیٹس راجا متھوپنڈی، پروین چترویل اور سیلوا پربھو کو مجموعی طور پر 80 لاکھ روپے کے چیک دیے۔

تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ سی جوزف وجے بدھ (5 اگست) کو سکریٹریٹ میں کامن ویلتھ گیمز 2026 میں میڈل جیتنے والے تمل ناڈو کے ایتھلیٹس راجا متھوپنڈی، پروین چترویل اور سیلوا پربھو کو مجموعی طور پر 80 لاکھ روپے کے چیک دیے۔ تمل ناڈو کو کھیل کے شعبے میں ہندوستان کی سرفہرست ریاست بنانے کے مقصد سے ریاستی حکومت متعدد اقدامات کر رہی ہے۔ ان میں عالمی معیار کی تربیت فراہم کرنا، نقد انعام دینا، ریاست کے کھلاڑیوں کو قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے قابل بنانا اور کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی شامل ہے۔
وزیر اعلیٰ وجے نے اپنے وعدے کے مطابق اسکاٹ لینڈ کے گلاسکو میں ہوئے کامن ویلتھ گیمز میں مردوں کے 65 کلوگرام ویٹ لفٹنگ ایونٹ میں چاندی کا تمغہ جیتنے والے تھتھوکڈی ضلع کے راجا متھوپنڈی کو 30 لاکھ روپے کا چیک دیا۔ ایتھلیٹ پروین چترویل کے والد ایس چترویل کو 3 لاکھ روپے دیے گئے۔ تروورور ضلع کے رہنے والے پروین چترویل نے مردوں کے ٹرپل جمپ جوائنٹ میں سلور میڈل جیتا۔ وہ اسپورٹس ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف تمل ناڈو (ایس ڈی اے ٹی) کے ہاسٹل ٹرینی رہ چکے ہیں۔ وہ فی الحال کھیل کوٹے سے تمل ناڈو نیوز پرنٹ اینڈ پیپرس لمیٹڈ میں کام کرتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے مدورائی ضلع کے سیلوا پربھو کو 20 لاکھ روپے کا چیک دیا۔ سیلوا نے مردوں کے ٹرپل جمپ ایونٹ میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔ وہ بھی ایس ڈی اے ٹی ہاسٹل کے سابق ٹرینی ہیں۔ ساتھ ہی وزیر اعلیٰ نے ایتھلیٹس کو ان کی شاندار کامیابیوں پر مبارکباد دی۔ اس تقریب میں پبلک ورکس اور اسپورٹس ڈیولپمنٹ کے وزیر آدھو ارجن، یوتھ ویلفیئر اینڈ اسپورٹس ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ کے سکریٹری سندیپ نندوری اور اسپورٹس ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف تمل ناڈو کے ممبر سکریٹری جے میگھناتھ ریڈی شامل ہوئے۔
قابل ذکر ہے کہ گلاسگو میں منعقد ہونے والے کامن ویلتھ گیمز 2026 میں ہندوستانی ایتھلیٹس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ہندوستان 39 تمغوں کے ساتھ میڈل ٹیلی میں چوتھے نمبر پر رہا، جن میں 13 گولڈ، 17 سلور اور 9 برانز کے تمغے شامل ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
