بھوک ہڑتال کر رہی سواتی پر بیہوشی طاری، اسپتال میں داخل

عصمت دری کے قصورواروں کو پھانسی کی سزا دینے کے مطالبے پر گزشتہ 13 دنوں سے راج گھاٹ پر بھوک ہڑتال کررہیں دہلی خواتین کمیشن (ڈی سی ڈبليو) کی صدر سواتی ماليوال اتوار کی صبح بیہوش ہو گئیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: عصمت دری کے قصورواروں کو پھانسی کی سزا دینے کے مطالبے پر گزشتہ 13 دنوں سے راج گھاٹ پر بھوک ہڑتال کررہیں دہلی خواتین کمیشن (ڈی سی ڈبليو) کی صدر سواتی ماليوال اتوار کی صبح بیہوش ہو گئیں۔ ڈي سي ڈبليو نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ماليوال کو ایل این جے پي اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ماليوال صبح تقریباً سات بجے بیہوش ہوئیں۔

بھوک ہڑتال کے 12 ویں دن ہفتہ کے روز ماليوال کی صحت میں مسلسل گراوٹ کے پیش نظر ڈاکٹروں نے انہیں فوری طور پر بھوک ہڑتال ختم کرنے کی صلاح دی تھی۔ ڈاکٹروں کے مطابق ماليوال کا یورک ایسڈ خطرناک سطح پر پہنچ گیا ہے۔

اس دوران ماليوال کا وزن سات سے آٹھ کلو گرام کم ہو گیا ہے۔ ان کے بلڈ پریشر اور شوگر کی سطح بھی معمول سے کافی کم ہو گئی ہے۔ ڈاکٹروں نے ان کی جانچ کرنے کے بعد انہیں فوری طور پر بھوک ہڑتال ختم کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ماليوال کے یورک ایسڈ کی سطح 10.1 ہے جو معمول سے کافی زیادہ ہے۔ یہ کافی خطرناک سطح ہے اور اس سے كڈني فیل ہو سکتی ہیں۔


ماليوال نے عصمت دری کے قصورواروں کو پھانسی کی سزا دینے کا التزام کرنے سے متعلق ’دشا بل‘ آندھرا پردیش اسمبلی سے منظور کرنے کے لیے وزیر اعلی جگن موہن ریڈی کو ہفتہ کے روز خط لکھ کر مبارک بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ ’’ایک طرف آندھرا پردیش حکومت کی یہ پہل قابل ستائش ہے وہیں اس کے برعکس مرکزی حکومت کی خاموشی کافی تکلیف دہ ہے‘‘۔

ماليوال کی ہفتے کی شام حالت بگڑ گئی تھی تو ڈاکٹروں اور پولیس نے انہیں اسپتال میں داخل کرانے کا مشورہ دیا تھا لیکن انہوں نے اس سے انکار کردیا تھا۔ طبی بلیٹن کے مطابق، ان کے خون میں یورک ایسڈ خطرناک سطح پر پہنچ گیا ہے۔ ایسے حالات میں جگر اور گردے کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

مالیوال نے کل وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی خط لکھا تھا جس میں انہوں نے مودی سے پورے ملک میں’دشا بل‘ فوری طور پر لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ دشا بل میں خواتین کے خلاف تشدد کے مقدمات کو 21 دنوں کے دوران نمٹانے اور موت کی سزا کا التزام رکھنے کے لئے کہا گیا ہے۔

اس سے پہلے ماليوال نے خواتین کے تحفظ کے معاملے پر مرکزی حکومت کے اب تک لاتعلق رویہ پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ دشا بل کے پورے ملک کے لئے قانون بننے تک وہ اپنی بھوک ہڑتال ختم نہیں کریں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔