گمراہ کن اشتہارات پر سپریم کورٹ کا ’پتنجلی‘ کو نوٹس، مرکزی حکومت سے بھی جواب طلب

 پتنجلی کے اشتہارات پر سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ پورے ملک کو اس طرح کے اشتہارات کے ذریعے گمراہ کیا جا رہا ہے۔ عدالت نے اس ضمن میں مرکزی حکومت سے بھی تین ہفتوں میں جواب طلب کیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>گمراہ کن اشتہارات پر سپریم کورٹ نے پتنجلی اور مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کیا ہے</p></div>

گمراہ کن اشتہارات پر سپریم کورٹ نے پتنجلی اور مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کیا ہے

user

قومی آوازبیورو

سپریم کورٹ نے ادویات کے گمراہ کن اشتہارات پر مبینہ یوگا گرو رام دیو کی کمپنی ’پتنجلی آیوروید‘ اور مرکزی حکومت کی سخت سرزنش کی ہے۔ عدالت عظمیٰ نے پتنجلی اور اس کے انتظامی ڈائریکٹر بال کرشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پوچھا ہے کہ ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کیوں نہ کی جائے؟ اسی کے ساتھ  عدالت نے بیماریوں کے علاج کے گمراہ کن اشتہارات پر بھی جواب طلب کیا ہے۔ عدالت نے اس معاملے میں تین ہفتوں میں جواب دینے کے لیے کہا ہے۔

سپریم کورٹ نے پتنجلی کے اشتہارات میں چھپی تصاویر کی بنیاد پر کمپنی کو نوٹس جاری کرنے کے ساتھ مرکزی حکومت کی خاموشی پر بھی سوال اٹھایا ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ اس طرح کے اشتہارات کے ذریعے پورے ملک کو گمراہ کیا جا رہا ہے اور مرکزی حکومت آنکھیں بند کیے بیٹھی ہے۔ عدالت نے کہا کہ حکومت کو فوری ایکشن لینا ہو گا۔ عدالت نے اس کے لیے مرکزی حکومت سے 3 ہفتوں میں جواب طلب کیا ہے۔ مرکزی حکومت کو 3 ہفتوں میں عدالت کو بتانا ہوگا کہ اس نے پتنجلی کے گمراہ کن اشتہارات کی ضمن میں کیا کارروائی کی۔


سپریم کورٹ نے پتنجلی کی طبی مصنوعات کے اشتہارات پر پابندی لگا دی ہے جن میں کئی سنگین بیماریوں کے علاج کا دعویٰ کیا جاتا ہے۔ عدالت نے کہا ہے کہ پتنجلی آیوروید کے اشتہارات میں لفظ ’پرماننٹ ریلیف‘ اپنے آپ میں گمراہ کن اور قانون کی خلاف ورزی ہے۔ عدالت نے کہا کہ آج سے آپ کوئی گمراہ کن اشتہار نہیں دیں گے اور نہ ہی پرنٹ یا الیکٹرانک میڈیا میں ایسے اشتہارات دیں گے۔ عدالت نے پتنجلی کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ایلوپیتھی پر کیسے تبصرہ کیا، جب کہ ہم نے آپ کو اس سے منع کیا تھا؟ اس پر پتنجلی نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے 50 کروڑ روپے کا ایک ریسرچ لیب بنایا ہے۔ اس پر عدالت نے پتنجلی سے کہا کہ آپ صرف عام اشتہار دے سکتے ہیں۔

سپریم کورٹ نے سماعت کے دوران کہا کہ ہم ان 2 لوگوں کو فریق بنائیں گے جن کی تصاویر پتنجلی کے اشتہارات پر ہیں۔ انہیں نوٹس جاری کریں گے۔ انہیں انفرادی طور پر اپنا جواب داخل کرنا ہوگا۔ عدالت نے کہا کہ ہم یہ نہیں جاننا چاہتے کہ کون کیا ہے؟ ہم فریق بنائیں گے۔ سماعت کے دوران مرکزی حکومت نے بھی کہا کہ ہم کسی بھی قسم کے گمراہ کن اشتہارات برداشت نہیں کریں گے، چاہے وہ کوئی بھی ہو۔


واضح رہے کہ اس سے قبل سپریم کورٹ احکامات کے باوجود پتنجلی کے ذریعے اشتہارات دینے پر سخت ناراض ہوا تھا۔ سپریم کورٹ میں جسٹس احسان الدین امان اللہ خود اخبار لے کر عدالت آئے تھے۔ جسٹس امان اللہ نے کہا تھا کہ عدالتی حکم کے بعد بھی آپ نے یہ اشتہارات جاری کرنے کی ہمت کی۔ ہم ایک بہت سخت حکم دینے جا رہے ہیں۔ آپ عدالت کو اکسا رہے ہیں۔ آپ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ آپ بیماری کو ٹھیک کر دیں گے؟ ہماری وارننگ کے باوجود آپ کہہ رہے ہیں کہ ہماری چیزیں کیمیکل پر مبنی ادویات سے بہتر ہیں؟ مرکزی حکومت کو بھی اس پر ایکشن لینا چاہیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔