ملک کی معاشی حالت خراب کرنے میں سُپریم کورٹ کا بھی ہاتھ: ہریش سالوے

ہریش سالوے کا کہنا ہے کہ 2012 میں عدالت عظمیٰ نے 2جی اسپیکٹرم کیس میں 122 لائسنس رد کر دیئے تھے اور اس کے علاوہ سال 2012 میں ہی کوئلہ کی کانوں کا الاٹمنٹ بھی رد کر دیا گیا تھا جس کا اثر معیشت پر پڑا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مودی حکومت میں ملک کی معاشی حالت لگاتار خراب ہو رہی ہے اور ماہرین معاشیات اس کو لے کر فکرمند بھی ہیں۔ اس درمیان ملک کے سینئر وکیل ہریش سالوے نے موجودہ معاشی مندی کے لیے سپریم کورٹ کو ذمہ دار ٹھہرا دیا ہے۔ انھوں نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 2012 میں عدالت عظمیٰ نے 2 جی اسپیکٹرم کیس میں 122 لائسنسوں کو رد کر دیا تھا اور اس کے علاوہ سال 2012 میں ہی کوئلہ کی کانوں کا الاٹمنٹ بھی رد کر دیا گیا تھا۔

ہریش سالوے کا کہنا ہے کہ ان دونوں فیصلوں نے ہندوستانی معیشت پر کافی گہرا اثر ڈالا ہے۔ سالوے کے مطابق ملک کی اکونومی پر اس کا جو منفی اثر ہوا ہے، اس پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ باتیں انھوں نے ایک لیگل نیوز ویب سائٹ ’دی لیف لیٹ‘ سے بات چیت کے دوران کہی۔ قابل ذکر ہے کہ یہ ویب سائٹ سینئر وکیل اندرا جے سنگھ چلاتی ہیں۔


ہریش سالوے نے سپریم کورٹ کے ذریعہ 2012 میں کیے گئے 2 جی اسپیکٹرم لائسنس اور کوئلہ کان الاٹمنٹ کو رد کیے جانے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں مانتا ہوں کہ جو لوگ 2 جی میں غلط طریقے سے لائسنس دینے کے لیے ذمہ دار ہیں ان پر کنٹرول لگایا جانا چاہیے۔ لیکن ایک ساتھ سارے لائسنس کو رد کرنا صحیح فیصلہ نہیں تھا۔ وہ بھی تب جب اس میں بیرون ملکی سرمایہ کاری بھی ہو۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’دیکھیے، جب کوئی بیرون ملکی کمپنی یا شخص سرمایہ لگاتا ہے تو یہ قانون ہے کہ اس کے ساتھ ایک ہندوستانی پارٹنر بھی ہونا چاہیے۔ لیکن غیر ملکی سرمایہ کاروں کو یہ نہیں معلوم تھا کہ ان کے ہندوستانی پارٹنر کو لائسنس کیسے ملا۔ بیرون ملکی سرمایہ کاروں نے کروڑوں روپے سرمایہ کیے، لیکن سپریم کورٹ نے ایک جھٹکے میں لائسنس رد کر دیئے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 17 Sep 2019, 12:10 PM