سب انسپکٹر بھرتی گھوٹالہ: سی بی آئی نے کانسٹیبل سمیت 3 افراد کو گرفتار کیا، مزید گرفتاریاں متوقع

سی بی آئی نے ایک کانسٹیبل اور ایک استاد سمیت 3 ملزمان کو حراست میں لے کر بڑے پیمانے پر تحقیقات شروع کر دی ہے جبکہ سروسز سلیکشن بورڈ کے سابق ذمہ داروں کو بھی گرفتار کرنے کا قوی امکان ہے

گرفتار، علامتی تصویر آئی اے این ایس
گرفتار، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

جموں: جموں وکشمیر سروسز سلیکشن بورڈ کی جانب سے سب انسپکٹر اسامیوں کو پر کرنے کی خاطر لئے گئے تحریری امتحان میں بڑے پیمانے پر دھاندلیوں کے بعد سینٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی) کی جانب سے چھاپہ ماری کے بعد اب باضابط طورپر ملزمان کی گرفتاریوں کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سی بی آئی نے ایک کانسٹیبل اور ایک استاد سمیت 3 ملزمان کو حراست میں لے کر بڑے پیمانے پر تحقیقات شروع کی جبکہ سروسز سلیکشن بورڈ کے سابق ذمہ داروں کو بھی گرفتار کرنے کا قوی امکان ہے۔ بتادیں کہ سی بی آئی نے دھاندلیوں میں بلواسط یا بلاواسط طور پر ملوث 33افراد کے خلاف پہلے ہی ایف آئی آر درج کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق سی بی آئی نے ایس آئی امتحان میں ہوئی دھاندلیوں اور قبل از وقت ہی پیپر 30 لاکھ روپیہ میں فروخت کرنے کے معاملے میں پولیس کانسٹیبل سمیت تین افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ سی بی آئی نے پولیس کانسٹیبل رمن شرما، سریش کمار اور اکھنور کے ایک اُستاد جگدیش شرما کو حراست میں کر اُ ن سے پوچھ تاچھ شروع کی۔

سی بی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ منگل کے روز چھاپہ ماری کے دوران مذکورہ ملزمان کے گھروں سے کاغذات اور ڈجیٹل مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا تھا۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ سروسز سلیکشن بورڈ میں تعینات کئی ملازمین بھی اس اسکنڈل میں ملوث ہیں اور اُنہیں بھی گرفتار کرنے کا قوی امکان ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ سی بی آئی نے اس معاملے کی بڑے پیمانے پر تحقیقات شروع کی اور ابھی تک صرف تین افراد کو حراست میں لیا گیا۔


بتادیں کہ سروسز سلیکشن بورڈ نے ایس آئی بھرتیوں کے لئے 27مارچ 2022کو تحریری امتحان لیا تھا۔ سلیکشن لسٹ منظر عام پر آنے کے بعد ایک ہی گھر کے تین افراد کو لسٹ میں منتخب پایا گیا جس کے بعد لسٹ پر اُمیدواروں نے سوالات اُٹھائے۔ جموں وکشمیر انتظامیہ نے معاملے کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے تین نفری کمیٹی تشکیل دی جنہوں نے ایک ہفتے کے بعد اپنی رپورٹ میں کہاکہ واقعی میں ایس آئی بھرتی میں دھاندلیاں ہوئیں۔

جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سی بی آئی کے ذریعے تحقیقات کرانے کے احکامات صادر کئے۔ پانچ اگست کو سی بی آئی نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔ ابتدائی تحقیقات کے دوران سی بی آئی کو پتہ چلا ہے کہ جموں وکشمیر سروسز سلیکشن بورڈ کے ذمہ داروں نے بنگلورو کی ایک پرائیوٹ کمپنی ، با اثر اُمیدواروں اور دیگر افراد کے ساتھ مل کر تحریری امتحان میں دھاندلیاں کیں ہیں۔

تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ جموں ، راجوری اور سانبہ اضلاع سے اُمیدواروں نے صد فیصد نمبرات حاصل کئے۔ سی بی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس آئی امتحان کے پرچے 30لاکھ روپیہ میں فروخت کئے گئے ہیں۔ یہ بھی یاد رہے کہ سی بی آئی نے سروسز سلیکشن بورڈ کے سابق چیئرمین اور کنٹرولر کے گھروں کو بھی کھنگالا ہے اور وہاں سے بھی کاغذات برآمد کرکے ضبط کئے گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔