پٹیالہ کے پرائیویٹ اسکول میں طلباء کی طبیعت بگڑی، فوڈ پوائزننگ کا خدشہ، 5 بچے اسپتال میں داخل

پنجاب کے وزیر صحت ڈاکٹر بلبیر سنگھ نے بتایا کہ ’’ابتدائی جانچ میں سامنے آیا ہے کہ بچے اسکول سے باہر گئے تھے۔ خدشہ ہے کہ اس دوران انہوں نے باہر کھانا کھایا ہو۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>فوڈ پوائزننگ / تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i

پنجاب میں واقع پٹیالہ شہر کے ایک پرائیویٹ اسکول میں کچھ طلباء کی اچانک طبیعت بگڑ گئی، جس کی وجہ سے افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ طلباء کو فوڈ پوائزننگ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے محکمۂ صحت نے تفتیش کے احکامات دیے ہیں۔ پنجاب کے وزیر صحت ڈاکٹر بلبیر سنگھ نے بتایا کہ فی الحال 5 بچوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جبکہ دیگر بچوں کی طبیعت معمولی سی خراب ہوئی اور انہیں ابتدائی طبی امداد دی گئی ہے۔ وزیر صحت نے کہا کہ انہوں نے متعلقہ حکام کو معاملے کی جانچ کرکے چند گھنٹوں کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ جانچ رپورٹ آنے کے بعد ہی یہ واضح ہو سکے گا کہ بچوں کی طبیعت خراب ہونے کے پیچھے اصل وجہ کیا تھی۔

پنجاب کے وزیر صحت ڈاکٹر بلبیر سنگھ نے بتایا کہ ابتدائی جانچ میں سامنے آیا ہے کہ بچے اسکول سے باہر گئے تھے۔ خدشہ ہے کہ اس دوران انہوں نے باہر کھانا کھایا ہو۔ حالانکہ ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ بچوں کے بیمار ہونے کی وجہ باہر کھایا گیا کھانا ہی تھا۔ محکمۂ صحت تمام ممکنہ پہلوؤں کی جانچ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر تفتیش میں یہ تصدیق ہوتی ہے کہ بچوں نے اسکول سے باہر کسی خاص مقام پر کھانا کھایا تھا تو اس مقام کی جانچ کی جائے گی۔ وہاں دستیاب کھانے، اشیاء خورد و نوش کے معیار، صاف صفائی، ماحول اور کھانے کی تیاری کے انتظامات کو چیک کیا جائے گا۔


ڈاکٹر بلبیر سنگھ نے بتایا کہ اسپتال میں داخل پانچوں بچوں کی حالت مستحکم ہے اور تمام بچے ٹھیک ہیں۔ ان بچوں کا علاج منیپال گروپ کے اسپتال میں جاری ہے۔ وہیں سرکاری راجندرا اسپتال میں بھی بچوں کے علاج کے لیے ضروری انتظامات تیار رکھے گئے ہیں۔ والدین کو سرکاری اسپتال میں علاج کی سہولیات سے متعلق اطلاع دی گئی ہے۔ حالانکہ بچے کا علاج نجی یا سرکاری اسپتال میں کرانا والدین کی خواہش پر منحصر ہے۔

وزیر صحت نے کہا کہ پنجاب میں جہاں کہیں بھی بچوں کے لیے کھانا تیار کیا جاتا ہے، وہاں حفظان صحت کے معیارات پر سختی سے عمل کیا جانا چاہیے۔ کھانا تیار کرنے اور پیش کرنے والے ملازمین کی ذاتی صفائی، صاف برتنوں اور صاف ستھرے ماحول کا خصوصی خیال رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے بچوں سے بھی کھانا کھانے سے قبل صابن سے ہاتھ دھونے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ بچپن کی عادتیں پوری زندگی صحت کے لیے مفید ثابت ہوتی ہیں۔ جانچ میں اگر لاپروائی سامنے آتی ہے تو ذمہ داروں کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے گی۔