بہار کے جج کو سپریم کورٹ کی سخت پھٹکار، کہا- ’باہوبلی کی طرح برتاؤ کرنا بند کریں‘
سپریم کورٹ نے ایک سیشن جج کو پولیس افسر پر عدالتی حکم کی خلاف ورزی کے معاملے میں اسی دن سزا سنانے پر سخت پھٹکار لگائی اور کہا کہ وہ ’باہوبلی‘ کی طرح برتاؤ کرنے کے بجائے اپنے اختیارات کی حدود میں رہیں

سپریم کورٹ نے بہار کے ایک سیشن جج کے طرزِ عمل پر سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے انہیں کڑی پھٹکار لگائی ہے۔ معاملہ عدالت کے حکم کے باوجود ایف آئی آر درج نہ کرنے پر ایک پولیس افسر کو اسی دن قصوروار ٹھہرانے اور اس پر جرمانہ عائد کرنے سے متعلق ہے۔ سپریم کورٹ نے جج کے طرزِ عمل پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ انہیں باہوبلی کی طرح برتاؤ کرنے کے بجائے اپنی حدود اور عدالتی اختیارات کا خیال رکھنا چاہیے۔
چیف جسٹس آف انڈیا (سی جے آئی) سوریا کانت اور جسٹس جوئے مالیا باگچی اور جسٹس وی موہنا پر مشتمل بنچ نے بہار کے جج انیل کمار کے طرزِ عمل پر سخت اعتراض کیا۔ جسٹس باگچی نے زبانی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ قانون سے متعلق جج کی سمجھ انتہائی تشویش ناک ہے۔ انہیں پہلے بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہتا (بی این ایس ایس) کی دفعہ 384 اور ضابطہ فوجداری (سی آر پی سی) کی دفعہ 345 کے دائرہ کار کو سمجھنا چاہیے۔
جسٹس باگچی نے کہا کہ اگر کوئی شخص عدالت میں کسی کو تھپڑ مارتا ہے، گالی دیتا ہے یا عدالتی ہدایت کے باوجود کمرہ عدالت سے باہر جانے سے انکار کرتا ہے تو اسے عدالت کے سامنے کیا گیا جرم قرار دیا جا سکتا ہے۔ لیکن اگر عدالت کسی کو ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت دے اور وہ اس پر عمل نہ کرے تو اسے عدالت کے سامنے کیا گیا جرم نہیں کہا جا سکتا۔
انہوں نے جج کے جارحانہ رویے پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس پی) کو فون کیا اور اسی دن انہیں قصوروار قرار دے دیا۔ جسٹس باگچی نے کہا کہ جب جج نے ضلع مجسٹریٹ اور ایس پی کو طلب کیا، ان کی عدم موجودگی کو عدالت کے سامنے جرم قرار دیا اور انہیں سزا سنائی تو کیا وہ اپنے دائرہ اختیار میں تھے؟ انہیں اپنے ہاتھ روکنے اور عدالتی وقار و حدود کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس سوریا کانت نے بھی جج کے وکیل سے کہا کہ وہ اپنے موکل کو عدالتی اختیارات استعمال کرتے وقت ’باہوبلی‘ جیسا رویہ اختیار کرنے سے باز رہنے کا مشورہ دیں۔ سپریم کورٹ نے یہ بھی کہا کہ متعلقہ عدالتی افسر کو تربیت کے لیے نیشنل جوڈیشل اکیڈمی بھیجا جانا چاہیے۔
یہ معاملہ روہتاس ضلع کے ساسارام میں تعینات ڈسٹرکٹ اینڈ ایڈیشنل سیشن جج-چہارم انیل کمار کے 29 ستمبر 2026 کے حکم سے متعلق ہے۔ انہوں نے اس وقت کے روہتاس ایس پی اور آئی پی ایس افسر روشن کمار کو عدالتی احکامات کی جان بوجھ کر خلاف ورزی کا قصوروار قرار دیتے ہوئے ایک روپے کا علامتی جرمانہ عائد کیا تھا۔
جج نے بہار کے ڈی جی پی کو یہ ہدایت بھی دی تھی کہ عدالتی تبصروں کو متعلقہ افسر کی سروس بک میں درج کیا جائے۔ اس کے علاوہ انہوں نے مرکزی وزارتِ عملہ و تربیت سے آئی اے ایس اور آئی پی ایس افسران کی تربیت میں تبدیلیاں کرنے کی سفارش کی تھی تاکہ اسے جمہوری نظام سے زیادہ ہم آہنگ بنایا جا سکے۔
تاہم پٹنہ ہائی کورٹ نے ایس پی پر ایک روپے کا جرمانہ عائد کرنے کے اس حکم پر روک لگا دی تھی۔ یہ معاملہ 2023 میں نمٹائے گئے ایک فوجداری مقدمے میں جھوٹی گواہی دینے والے شخص کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے عدالتی حکم پر عمل نہ کرنے سے متعلق تھا۔ اسی معاملے میں جج کے حکم کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا گیا تھا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
