بی جے پی لیڈر کا شرانگیز بیان پارٹی کی مسلم مخالف پالیسی کا عکاس: نیشنل کانفرنس

نیشنل کانفرنس نے اترپردیش میں بی جے پی کے لیڈر رنجیت بہادر شریواستو کے اُن ریمارکس کو شرانگیز قرار دیا ہے جس میں موصوف نے مبینہ طور پر کہا ہے کہ ’’مسلمانوں کو ختم کرنا ہے تو مودی کو ووٹ دو‘‘۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: نیشنل کانفرنس نے اترپردیش میں بی جے پی کے لیڈر رنجیت بہادر شری واستو کے اُن ریمارکس کو شرانگیز قرار دیا ہے جس میں موصوف نے مبینہ طور پر کہا ہے کہ ’’مسلمانوں کو ختم کرنا ہے تو مودی کو ووٹ دو‘‘۔

این سی ترجمان عمران نبی ڈار نے الزام لگایا کہ شری واستو کے اس بیان سے بھاجپا کی اصلیت، مسلم دشمنی اور دہشت گرد سوچ کھل کر سامنے آگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شری واستو نے اپنی زہر افشائی میں مودی سرکار کی مسلم مخالف پالیسی بھی بیان کی ہے۔

عمران نبی نے کہا کہ الیکشن میں ہار بھانپتے ہی بھاجپا نے مذہبی کارڈ کھیلنا شروع کردیا ہے۔ مالیگاﺅں بم دھماکوں میں ملوث سادھوی پرگیہ کو بھوپال سے منڈیٹ دینا اور اب شری واستو کی زبان سے مسلمانوں کو دہشت زدہ کرنے کی کوشش انتخابات کو مذہبی رنگت دینے کی ایک کڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی آزادی کی جنگ میں مسلمانوں نے سب سے زیادہ قربانیاں پیش کیں اور اس جدوجہد میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ایک طرف ہندوستان کی آزادی میں مسلمان قربانیاں پیش کررہے تھے وہیں آر ایس ایس والے انگریز سامراج کے تلوے چاٹنے میں مصروف تھے۔ نیشنل کانفرنس ترجمان نے الیکشن کمیشن آف انڈیا سے اپیل کی کہ مذکورہ بھاجپا لیڈران کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */