پی ایم مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ ملک کو گمراہ کر رہے ہیں: سونیا گاندھی

پارلیمنٹ ہاؤس انیکسی میں سی اے اے اور این آر سی سے متعلق اپوزیشن پارٹیوں کی ایک انتہائی اہم میٹنگ ہوئی جس میں سونیا نے کہا کہ ’’سماج کو مذہب کی بنیاد پر تقسیم کرنے کی کوشش ہو رہی ہے جو درست نہیں۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس صدر سونیا گاندھی نے وزیراعظم نریندرمودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ پر ملک کو گمراہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے پیر کو کہا کہ سماج کو مذہب کی بنیادپر تقسیم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے سونیا گاندھی نے یہاں پارلیمنٹ ہاؤس-انیکسی میں کئی اپوزیشن پارٹیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر داخلہ کے بیانوں میں تضاد ہے اور دونوں مل کر ملک کے عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔دونوں مسلسل اکساوے والے بیان دے رہے ہیں اور تشدد اور ظلم کے تئیں غیر حساس بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے یونیورسٹیوں میں ہوئے تشدد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مودی-شاہ کی حکومت کی نااہلی ثابت ہوگئی ہے اور یہ حکومت چلانے کے قابل نہیں ہیں۔موجودہ حکومت لوگوں کو سیکورٹی مہیا کرانے میں ناکام رہی ہے۔

کانگریس صدر سونیا گاندھی نے کہا کہ آسام میں این آر سی ناکام ثابت ہوئی ہے۔حکومت اب قومی آبادی رجسٹر(این پی آر )پر توجہ مرکوز کررہی ہے جو قومی سطح پر این آر سی سے پہلے کا عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ مخالفت کی فوری وجہ سی اے اے اور این آر سی ہے لیکن سماج کی وسیع سطح پر اشتعال دکھایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اصلی موضوع معیشت کی گرتی حالت اور اقتصادی ترقی کی شرح کا سست پڑنا ہے۔سماج کے غریب اور محروم طبقے کو نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔وزیراعظم اور وزیرداخلہ کے پاس اس کا کوئی جواب نہیں ہے اور ملک کی توجہ ہٹانے کےلئے تقسیم اور پولرائیزیشن پر مبنی سیاست کررہے ہیں۔


سونیا گاندھی نے کہا کہ حکومت ظلم و زیادتی اور نفرت پر اتر آئی ہے اور لوگوں کو مذہب کی بنیاد پر تقسیم کیا جارہا ہے۔ملک میں افرا تفری کی صورت حال بنی ہوئی ہے۔آئین کو کمزور کیاجارہا ہے اور حکومت کی طاقت کا غلط استعمال ہورہا ہے۔اترپردیش اور دہلی میں پولیس کی طاقت استعمال کرنے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نوجوانوں اور طلبہ کو خاص طورپر نشانہ بنایا جارہا ہے۔آبادی کے ایک بڑے حصے کا استحصال کیا جارہا ہے اور ان کے ساتھ زیادتی کی جارہی ہے۔شہریوں کے تعاون سے ملک بھر میں نوجوان احتجاجی مخالفت کررہے ہیں۔ میٹنگ کی صدارت کانگریس صدر سونیا گاندھی نے کی اور اس میں سابق وزیراعظم منموہن سنگھ اور پارٹی کے سینئر لیڈر راہل گاندھی،غلام نبی آزاد،اےکے انٹنی ،احمد پٹیل اور کے سی وینوگوپال موجودتھے۔


پی ایم مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ ملک کو گمراہ کر رہے ہیں: سونیا گاندھی

نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے شرد پوار اور پرفل پٹیل،مارکسی کمیونسٹ پارٹی کے سیتارام یچوری ،جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے ہیمنت سورین ،راشٹریہ جنتا دل کے منوج جھا،کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے ڈی راجہ ،لوکتانترک جنتا دل کےشرد یادو،انڈین یونین مسلم لیگ کے پی کے کنہالی کٹی،ریوولیوشنری سوشلسٹ پارٹی کے شتروجیت سنگھ،کیرالہ کانگریس کے ایم تھامس کاجھیکدن،آل انڈیا ڈیموکریٹک فرنٹ کے سراج الدین اجمل،نیشنل کانفرنس کے حسنین مسودی،پیپلس ڈیموکریٹک پارٹی کے میر محمد فیاض،جنتا دل سیکولر کے ڈی کوپیندر ریڈی،راشٹریہ لوک دل کے اجیت سنگھ،ہندوستانی عوامی مورچہ کے جیتن رام مانجھی،راشٹریہ لوک سمتا پارٹی کے اپیندر کشواہا،سوابھیمان پکش کے راجو شیٹی،فارورڈ بلاک کے جی دیوراجن اور ویدوتھلائی چروتھائیگل کاچی کے تھول تروماولاون نے بھی میٹنگ میں حصہ لیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔