سونیا گاندھی نے موزمبیق کی انسانی حقوق کارکن گراسا ماشیل کو 2025 کا اندرا گاندھی امن ایوارڈ کیا پیش

سونیا گاندھی نے موزمبیق کی انسانی حقوق کارکن گراسا ماشیل کو 2025 کا اندرا گاندھی امن ایوارڈ پیش کیا۔ انہیں بچوں کے حقوق، تعلیم، خواتین کے بااختیار بنانے اور امن کے لیے خدمات پر اعزاز دیا گیا

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div>
i

نئی دہلی: کانگریس پارلیمانی پارٹی کی صدر سونیا گاندھی نے جمعرات کو موزمبیق کی معروف انسانی حقوق کارکن گراسا ماشیل کو سال 2025 کا اندرا گاندھی امن، تخفیف اسلحہ اور ترقی ایوارڈ پیش کیا۔ انہیں یہ اعزاز انصاف، انسانی وقار اور سماجی ترقی کے لیے کئی دہائیوں پر محیط خدمات کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔

نئی دہلی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے اس ایوارڈ کی اہمیت اور اس کے بنیادی مقاصد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اندرا گاندھی امن، تخفیف اسلحہ اور ترقی ایوارڈ ایک ایسی رہنما کی زندگی اور نظریات کی یاد دلاتا ہے، جنہوں نے امن، آزادی اور ترقی کو ایک دوسرے سے الگ نہیں سمجھا۔

سونیا گاندھی نے کہا کہ اندرا گاندھی اس بات کو بخوبی سمجھتی تھیں کہ حقیقی ترقی کا تعلق لوگوں کے وقار اور ان کی فلاح و بہبود سے ہے، خصوصاً معاشرے کے محروم طبقات کے مفادات سے۔ ان کے نزدیک سیاسی آزادی کا حقیقی مفہوم لوگوں کی روزمرہ زندگی میں مثبت اور بامعنی تبدیلی لانا تھا۔

انہوں نے کہا کہ گراسا ماشیل کی زندگی اور ان کی خدمات کئی دہائیوں پر محیط ہیں اور انہوں نے قومی سرحدوں سے آگے بڑھ کر ان نظریات کی عملی مثال پیش کی ہے۔ سونیا گاندھی کے مطابق اندرا گاندھی اور گراسا ماشیل دونوں کو عام لوگوں کی اس صلاحیت پر گہرا یقین تھا کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کر سکتے ہیں۔


انہوں نے مزید کہا کہ ان دونوں شخصیات کی زندگی اس حقیقت کی یاد دہانی کراتی ہے کہ حقیقی قیادت کی پہچان اقتدار یا عہدے سے نہیں، بلکہ ناانصافی کے خلاف آواز اٹھانے کے حوصلے اور دیرپا تبدیلی لانے کے عزم سے ہوتی ہے۔

گراسا ماشیل کو ایوارڈ پیش کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہ آج ہم ایک ایسی زندگی کا اعتراف کر رہے ہیں جو حوصلے، ہمدردی اور خدمت کے جذبے سے عبارت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ماشیل کی مثال ایک ایسی دنیا کی تشکیل کے لیے لوگوں کو متحرک کرتی رہے گی جہاں ہر بچے، ہر خاتون اور ہر برادری کو وقار، مواقع اور امید کے ساتھ زندگی گزارنے کا حق حاصل ہو۔

ایوارڈ قبول کرتے ہوئے گراسا ماشیل نے انسانی آزادی کے باہمی تعلق پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی ایک برادری کی آزادی کو دوسروں کی آزادی سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔ یہ ایک بنیادی انسانی حقیقت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی گروہ کی آزادی اور اس کی امنگوں کی حقیقی معنویت دوسروں کے ساتھ یکجہتی میں پوشیدہ ہے۔

مختلف ممالک کی آزادی کی جدوجہد کے مشترکہ تجربات کا حوالہ دیتے ہوئے ماشیل نے کہا کہ حقیقی آزادی میں عام خواتین، مردوں اور بچوں کی زندگیوں میں بہتری بھی شامل ہونی چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جب تک دوسرے لوگ پابندیوں اور غلامی کی زنجیروں میں جکڑے رہیں گے، اس وقت تک افریقہ اور دنیا کے دیگر خطوں کی آزادی بھی مکمل طور پر محفوظ نہیں ہو سکتی۔


واضح رہے کہ یہ ایوارڈ بچوں کے حقوق، تعلیم، خواتین کو بااختیار بنانے اور امن کے قیام کے لیے گراسا ماشیل کی کئی دہائیوں پر محیط کوششوں کا اعتراف ہے۔ افریقی براعظم سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں ان کی خدمات آج بھی انسانی وقار، مساوات اور سماجی انصاف کے ان اصولوں کی نمائندگی کرتی ہیں جنہیں اندرا گاندھی امن ایوارڈ کے ذریعے فروغ دینے کی کوشش کی جاتی ہے۔