کبھی تکنیکی خامیاں، کبھی اے سی خراب تو کبھی نشے میں پائلٹ، فضا میں ہندوستانی ایوی ایشن کی سنگین لاپرواہی!

پھوکیت سے دہلی آ رہی ایئر انڈیا کی پرواز اے آئی 2379 اچانک 300 فیٹ نیچے آ گئی تھی۔ اس دوران 24 افراد کو چوٹیں آئیں تھیں۔ اس طیارہ میں 137 مسافر سوار تھے۔

طیارہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
i

ہندوستانی ہوا بازی کا شعبہ اس قت انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے۔ گزشتہ کچھ ہفتوں میں یکے بعد دیگرے تکنیکی خامیاں، ایمرجنسی لینڈنگ، عملے کے اراکین کی لاپرواہی اور پروازوں میں ہو رہی تاخیر کی خبریں موصول ہو رہی ہیں، جس نے ایئر لائنز کے مینٹیننس پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ خواہ وہ پھوکیت سے دہلی آ رہی ایئر انڈیا کی فلائٹ میں آئی دقت ہو یا اسپائس جیٹ کے اے سی میں خرابی ہو۔ گزشتہ چند دنوں میں فلائٹس سے متعلق کتنے معاملات سامنے آئے ہیں، آئیے ذیل میں جاننے کی کوشش کرتے ہیں۔

منگل کو کولکاتہ سے چنئی آ رہی انڈیگو کی فلائٹ 6ای-723 کے بائیں انجن میں لینڈنگ سے عین قبل خرابی آ گئی تھی۔ اس فلائٹ میں 224 مسافر سوار تھے۔ ہندی نیوز پورٹل ’اے بی پی نیوز‘ پر ذرائع کے حوالے سے شائع خبر کے مطابق پائلٹ کی اطلاع کے بعد چنئی ایئرپورٹ پر گزشتہ کل دیر رات 11:29 بجے مکمل طور پر ایمرجنسی نافذ کی گئی۔ طیارہ نے 11:37 بجے رنوے 25 پر محفوظ لینڈنگ کی۔ تمام 224 مسافر اور عملے کے اراکین محفوظ ہیں۔ منگل کو ہی وارانسی ایئرپورٹ پر اچانک پروازوں کی آمد و رفت کو روکنا پڑا تھا۔ رنوے پر آئی تکنیکی خرابی کی وجہ سے تقریباً 2 گھنٹے تک کوئی بھی فلائٹ اڑان نہیں بھر سکی اور نہ ہی کسی طیارہ کی لینڈنگ ہو پائی تھی۔ ایئرپورٹ اتھارٹی کے مطابق رنوے میں آئی تکنیکی خرابی کا بروقت پتہ لگا لیا گیا اور ضروری جانچ کے بعد اسے ٹھیک کر دیا گیا۔ اسی وجہ سے کسی بھی طرح کے حادثے سے بچا جا سکا۔


دہلی سے پونے جا رہی اسپیس جیٹ کی فلائٹ میں اڑان بھرنے سے قبل ہی اے سی خراب ہو گیا۔ اے سی خراب ہونے کی وجہ سے مسافر غصے میں آ گئے۔ فلائٹ میں مسافروں کے ہنگامہ کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے۔ دوسری جانب پھوکیت سے دہلی آ رہی ایئر انڈیا کی پرواز اے آئی 2379 اچانک 300 فیٹ نیچے آ گئی تھی۔ اس دوران 24 افراد کو چوٹیں آئیں تھیں، طیارہ میں 137 مسافر سوار تھے۔ پہلے اسے ٹربلونس کہا گیا تھا لیکن اب صرف اتنا کہا گیا ہے کہ طیارہ کی اونچائی میں اچانک تبدیلی آئی تھی۔ ایئرکرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بیورو (اے اے آئی بی) نے اس کی تحقیقات اپنے ہاتھ میں لے لی ہے اور اب حیران کر دینے والا انکشاف ہوا ہے۔

رپورٹس کے مطابق فلائٹ کے پائلٹ اِن کمانڈ کا ’سائیکو ایکٹو سبسٹنس ٹیسٹ‘ کرایا گیا تھا، جو شروعات میں پازیٹو آیا تھا۔ اس کے بعد سیمپل کو ایک اور لیب میں بھیجا گیا تھا۔ لیب سے آئی رپورٹ میں کنفرم ہو گیا ہے کہ پائلٹ نے گانجا کا استعمال کیا ہوا تھا۔ واقعے کے وقت پائلٹ کاک پٹ میں اپنی سیٹ پر تھے یا نہیں اس کو لے کر سوال اٹھ رہے ہیں۔ فلائٹ کے اچانک نیچے آنے پر کو-پائلٹ نے کمان سنبھالی تھی۔ انہوں نے طیارے کو مستحکم کیا اور اسے دہلی میں بحفاظت لینڈ کرایا تھا۔


قابل ذکر ہے کہ ان دنوں ہو رہی بارش کا اثر نوئیڈا انٹرنیشنل پر صاف طور سے دیکھنے کو مل رہا ہے۔ ایئرپورٹ پر کئی فیٹ تک پانی بھر گیا۔ یہ پانی ایگزٹ گیٹ کے انڈر پاس پر جمع تھا، جس کی وجہ سے لوگوں کو باہر جانے میں دقت پیش آ رہی تھی۔ یہ انڈر پارس ایئرپورٹ کے فورکورٹ کو پارکنگ ایڑیا سے جوڑتا ہے۔ نوئیڈا ایئرپورٹ اتھارٹی نے بتایا کہ کم وقت میں انتہائی تیز بارش کے بعد ٹرمینل اور پارکنگ ایریا کو جوڑنے والے راستے پر کچھ دیر کے لیے پانی جمع ہو گیا تھا۔ صورتحال کی اطلاع ملتے ہی ایئرپورٹ کی ٹیمیں متحرک ہوئیں اور پانی نے نکالنے کا کام شرور کر دیا گیا۔ ٹیموں کی فوری کارروائی سے نصف گھنٹے کے اندر جمع پانی کو نکال کر آمد و رفت کو بحال کر دیا گیا۔