پاکستان جا رہے سکھ عقیدت مند اٹاری میں پھنسے، نہیں ملی سرحد عبور کرنے کی اجازت!

ہندوستان سے پاکستان جانے والے کم از کم 130 سکھ عقیدت مند اٹاری ریلوے اسٹیشن پر پھنس گئے ہیں، انہیں حکومت ہند سے بین الاقوامی سرحد عبور کرنے کی اجازت حاصل نہیں ہو سکی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

امرتسر: ہندوستان سے جمعہ کے روز پاکستان جانے والے کم از کم 130 سکھ عقیدت مند اٹاری ریلوے اسٹیشن پر پھنس گئے ہیں۔ انہیں حکومت ہند سے بین الاقوامی سرحد عبور کرنے کی اجازت حاصل نہیں ہو سکی ہے۔

درماندہ عقیدت مندوں میں زیادہ تر عمر رسیدہ ہیں اور پنجاب کے مختلف حصوں کے رہنے والے ہیں جو کہ پانچویں سکھ گرو، گرو ارجن دیو کی شہادت کی برسی کے موقع پر منعقدہ تقاریب کے لئے پاکستان جانا چاہتے ہیں۔ وہ صبح ہی اٹاری اسٹیشن پر پہنچ گئے تھے لیکن پاکستان کی خصوصی ٹرین کو ہندوستان میں داخلہ کی اجازت نہیں مل رہی ہے۔


انڈین ریلوے کے افسران نے کہا کہ اس حوالہ سے انہیں کوئی اجازت نہیں ملی ہے، اس لئے پاکستانی ٹرین کو اجازت نہیں دی گئی ہے۔ پھنسے ہوئے ایک عقیدت مند نے کہا وزارت خارجہ اور انڈین ریلوے کے درمیان ڈائیلاگ کی کمی کی وجہ سے یہ صورت حال پیدا ہوئی ہے۔

ان عقیدت مندگان نے حکومت ہند کے خلاف نعرے بازی کی اور انہوں نے یہ بھی شکایت کی کہ انہیں یہاں پینے کا پانی اور بیت الخلا کی سہولت کا بھی فقدان ہے۔ اسٹیشن ماسٹر ایم ایل رائے نے صحافیوں سے کہا، ’’جوں ہی ہمیں احکامات حاصل ہوں گے، ہم ٹرین کو اٹاری میں داخل ہونے دیں گے۔‘‘


واضح رہے کہ ہندوستان سے سکھ عقیدت مندگان کے 4 قافلہ ہر سال پاکستان جاتے ہیں، انہیں ایس جی پی سی (سری گروداوار پربندھک کمیٹی) کی جانب سے بھیجا جاتا ہے۔ سکھ مذہب کے سب سے پہلے گرو نانک دیو کے جائے پیدائش ننکانہ صاحب میں ان کی جینتی منانے کے لئے سب سے بڑا قافلہ نومبر میں ہندوستان سے پاکستان کے لئے روانہ ہوتا ہے۔ ایک قافلہ اپریل کے مہینے میں بیساکھی کے تہوار کے لئے وہاں جاتا ہے۔

گرو ارجن دیو کی کے یوم شہات اور سکھ ریاست کے بانی مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی پر مئی-جون میں دو دستے پاکستان کے لئے روانہ ہوتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔