شرد پوار بریچ کینڈی اسپتال سے ڈسچارج، سینے میں انفیکشن کے باعث اسپتال میں کرایا گیا تھا داخل
بریچ کینڈی اسپتال کے ڈاکٹر پرتیت سمدانی نے بتایا کہ شرد پوار کو مستحکم حالت میں اسپتال سے چھٹی دی گئی ہے۔ اب ان کا علاج گھر پر ہی جاری رہے گا۔

مہاراشٹر میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شردچندر پوار) کے سربراہ شرد پوار کو ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔ 85 سالہ شرد پوار کی طبیعت میں بہتری کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی ہے۔ سینے اور سانس میں انفیکشن ہونے کی وجہ سے انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں علاج کے دوران ان کی حالت مستحکم رہی۔ ڈاکٹروں کے مطابق شرد پوار علاج پر اچھا ردعمل دے رہے تھے اور ان کی صحت میں مسلسل بہتری آ رہی تھی۔ اس سے قبل ڈاکٹروں نے بتایا تھا کہ ان کی حالت خطرے سے باہر ہے، جس کے بعد ان کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے اسپتال سے چھٹی دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ واضح رہے کہ شرد پوار کو 2 نومبر کو پونے کے روبی ہال کلینک میں بھی داخل کرایا گیا تھا، جہاں انہیں کھانسی اور سینے میں درد کی شکایت تھی۔ وہاں بھی ڈاکٹروں نے ان کی جانچ کر کے انہیں کچھ وقت نگرانی میں رکھا تھا اور معائنے کے بعد ان کی حالت مستحکم بتائی تھی جہاں سے بعد میں انہیں ممبئی منتقل کیا گیا۔
4 نومبر کو شرد پوار روبی ہال کلینک سے چھٹی دے دی گئی تھی۔ اس کے بعد وہ ممبئی پہنچے جہاں انہیں مزید جانچ اور علاج کے لیے بریچ کینڈی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ڈاکٹروں نے بتایا تھا کہ انہیں سینے اور سانس میں انفیکشن ہے اور برونکائٹس جیسی شکایت بھی تھی۔ بریچ کینڈی اسپتال میں شرد پوار کا علاج ڈاکٹر پرتیت سمدانی کی نگرانی میں جاری تھا۔ انہوں نے بتایا تھا کہ ان کی حالت مستحکم ہے اور وہ علاج پر اچھا ردعمل دے رہے ہیں۔ بعد ازاں، ڈاکٹر سمدانی نے بتایا کہ شرد پوار کو مستحکم حالت میں اسپتال سے چھٹی دی گئی ہے اور اب ان کا علاج گھر پر ہی جاری رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوار کو برونکائٹس کے ساتھ سینے میں انفیکشن ہوا تھا، جس کے باعث انہیں گھر پر علاج جاری رکھنے، ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور عمر کو مدنظر رکھتے ہوئے کچھ اضافی ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
شرد پوار کی عیادت کے لیے کئی لیڈران اسپتال پہنچے تھے۔ مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے بھی ان سے ملاقات کی تھی۔ شندے نے بتایا تھا کہ پوار کی صحت ٹھیک ہے اور ان کا طبی پیرامیٹر معمول کے مطابق ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ پوار سے بات چیت بھی ہوئی۔ این سی پی کے کارگزار صدر پرفل پٹیل بھی اسپتال پہنچے تھے۔ انہوں نے شرد پوار کی خیریت دریافت کی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی فون کرکے ان کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کی تھیں۔ انہوں نے شرد پوار کی جلد صحت یابی کی دعا کی تھی۔ شرد پوار کے اسپتال میں داخل ہونے کی خبر کے بعد ان کے حامی مسلسل ان کی صحت دریافت کر رہے ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
