مارچ کے پہلے ہفتے میں شدید گرمی کا الرٹ! گجرات سے مہاراشٹر تک درجہ حرارت میں ہوگا اضافہ، جانیں دہلی کا موسم

آئی ایم ڈی کے مطابق شمال مغربی ہندوستان کے میدانی علاقوں میں آئندہ 7 دنوں میں دن کا درجہ حرارت آہستہ آہستہ 2 سے 4 ڈگری سیلسیس تک بڑھ سکتا ہے۔

گرمی، تصویر آئی اے این ایس
i
user

قومی آواز بیورو

شمالی ہندوستان سے لے کر مغرب تک کی ریاستوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے زیادہ اور 30 ڈگری سیلسیس سے اوپر درج کیا جا رہا ہے۔ اس دوران محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے الرٹ جاری کیا ہے کہ شمال مغربی ہندوستان کے کئی علاقوں میں مارچ کے پہلے ہی ہفتے میں کافی گرمی پڑنے والی ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 3 سے 5 ڈگری سیلسیس تک زیادہ رہ سکتا ہے۔

آئی ایم ڈی کے مطابق شمال مغربی ہندوستان کے میدانی علاقوں میں آئندہ 7 دنوں میں دن کا درجہ حرارت آہستہ آہستہ 2 سے 4 ڈگری سیلسیس تک بڑھ سکتا ہے۔ اس سے دہلی، پنجاب، ہریانہ، راجستھان، اتر پردیش اور ہماچل و اتراکھنڈ کے نچلے علاقوں میں گرمی بڑھے گی۔ واضح رہے کہ کئی مقامات پر درجہ حرارت پہلے ہی معمول سے 3 سے 5 ڈگری زیادہ درج کیا جا رہا ہے۔ گجرات میں 4 اور 5 مارچ کو کچھ علاقوں میں شدید گرمی اور ہوا میں نمی کی صورتحال برقرار رہ سکتی ہے۔ ویک اینڈ تک مدھیہ پردیش، گجرات اور مہاراشٹر میں بھی زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 2 سے 4 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ مہاراشٹر میں آئندہ 5 دنوں میں درجہ حرارت 3 سے 4 ڈگری بڑھ سکتا ہے، جبکہ گجرات میں اگلے 5 دنوں میں 3 سے 5 ڈگری کا اضافہ ہو سکتا ہے۔


موسم کی پیشن گوئی کرنے والی ایجنسی اسکائی میٹ ویدر کے مطابق جنوبی ہندوستان کے کئی شہروں جیسے ایروڈ، سیلم، مدورائی، اننت پور اور کرنول میں درجہ حرارت پہلے ہی 37 ڈگری سیلسیس تک پہنچ چکا ہے۔ وسطی ہندوستان میں اکولا، امراوتی (ودربھ) اور راجکوٹ (سوراشٹر) میں بھی پارہ 37 ڈگری پہنچ گیا ہے۔ جبکہ شمالی ہندوستان میں ابھی گرمی اتنی شدید نہیں ہوئی ہے اور پنجاب و ہریانہ میں درجہ حرارت 35 ڈگری سے اوپر نہیں گیا ہے۔ تاہم، مغربی راجستھان کے باڑمیر اور پھلودی جیسے سرحدی علاقوں میں پارہ 35 ڈگری کے قریب پہنچ چکا ہے۔ مارچ کے دوسرے نصف میں شمالی ہندوستان کے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت میں تیزی سے اضافے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی این سی آر میں آسمان صاف اور موسم خشک رہے گا۔ مارچ کے پہلے ہفتے میں درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق مارچ کے پہلے ہفتے میں ہی ملک کی راجدھانی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بڑھ کر 34 ڈگری سیلسیس تک پہنچ سکتا ہے۔ اگلے ایک ہفتے میں بادلوں کی آمد و رفت یا بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ دوسری جانب کمزور مغربی ڈسٹربنس کے اثر سے مغربی ہمالیائی خطے میں 3 اور 4 مارچ 2026 کو ہلکی بارش یا برف باری ہونے کی امید ہے۔ جموں و کشمیر میں بھی ہلکی برف باری یا بارش کا امکان ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔