تمل ناڈو: جھینگا پروسیسنگ یونٹ میں امونیا گیس کا رساؤ، 7 مزدور ہلاک، متعدد کی حالت تشویشناک

تمل ناڈو کی ایک نجی جھینگا پروسیسنگ یونٹ میں امونیا گیس کے رساؤ سے سات مزدور ہلاک اور 40 سے زائد متاثر ہو گئے۔ وزیراعلیٰ وجے نے تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے لیے معاوضے کا اعلان کیا

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div>
i

تمل ناڈو کے تروولور ضلع کے پیریاپالیم علاقے میں واقع ایک نجی جھینگا پروسیسنگ یونٹ میں اتوار کے روز امونیا گیس کے رساؤ کے باعث کم از کم 7 مزدور ہلاک جبکہ 40 سے زائد افراد شدید متاثر ہو گئے۔ ’دی ہندو‘ کی رپورٹ کے مطابق، متاثرہ افراد میں زیادہ تر شمالی ہند سے تعلق رکھنے والے مہاجر مزدور شامل ہیں۔ حادثے کے بعد علاقے میں ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی اور امدادی کارروائیاں فوری طور پر شروع کر دی گئیں۔

پولیس حکام کے مطابق پیٹر اینڈ پال سی فوڈ ایکسپورٹ کمپنی جھینگوں کی پروسیسنگ اور برآمد کا کام کرتی ہے۔ اتوار کو کمپنی کے گیس ٹینک سے امونیا گیس کے اخراج کے بعد فیکٹری میں کام کرنے والے مزدوروں کو سانس لینے میں دشواری پیش آئی اور کئی افراد بے ہوش ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی قومی آفات سے نمٹنے والی فورس (این ڈی آر ایف) کی ٹیم خصوصی حفاظتی لباس کے ساتھ موقع پر پہنچی اور متاثرین کو باہر نکالنے کا کام شروع کیا۔


حکام کے مطابق مجموعی طور پر 44 مزدور متاثر ہوئے۔ ان میں سے 9 افراد کو راجیو گاندھی سرکاری جنرل اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ 7 شدید متاثرہ مزدوروں کو اسٹینلے سرکاری اسپتال بھیجا گیا۔ دیگر افراد کو ریڈ ہلز کے وینکٹیشورا اسپتال اور منجاکرانی کے ویلس اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

اسکولی تعلیم کے وزیر راج موہن نے بتایا کہ راجیو گاندھی سرکاری جنرل اسپتال کے سینئر ڈاکٹروں کی دو خصوصی ٹیمیں جائے حادثہ پر روانہ کی گئیں، جبکہ تروولور سرکاری اسپتال کی طبی ٹیم بھی متاثرین کی دیکھ بھال میں مصروف ہے۔

وزیراعلیٰ وجے نے واقعے کی تحقیقات کے لیے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا ہے۔ کمیٹی میں صنعتی تحفظ اور صحت کے ڈائریکٹر، آلودگی کنٹرول بورڈ کے رکن سکریٹری اور محکمہ صحت عامہ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر شامل ہیں۔ کمیٹی کو 24 گھنٹوں میں عبوری رپورٹ اور 3 دن کے اندر حتمی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ نے متعلقہ وزرا اور ضلعی انتظامیہ کو متاثرین کے علاج کے لیے تمام ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ عوامی راحت فنڈ سے ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کے لیے دو، دو لاکھ روپے کے معاوضے کا بھی اعلان کیا ہے۔

تمل ناڈو کے گورنر راجیندر وشوناتھ ارلیکر نے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق مزدوروں کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔