سینئر آئی پی ایس افسر مہیش دیکشت نئے آئی بی چیف مقرر
سینئر آئی پی ایس افسر مہیش دیکشت آندھرا پردیش کیڈر کے 1993 بیچ کے آئی پی ایس افسر ہیں۔ انہیں 2 سال کی مدت کے لیے یا اگلے حکم تک آئی بی چیف بنایا گیا ہے۔

سینئر آئی پی ایس افسر مہیش دیکشت کو جمعرات کو انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کا نیا چیف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے موجودہ چیف تپن کمار ڈیکا کی جگہ عہدہ سنبھالا ہے۔ کابینہ کی تقرری کمیٹی نے مہیش دیکشت کی تقرری کی منظوری دی۔ اس کمیٹی کی سربراہی وزیر اعظم نریندر مودی کرتے ہیں۔ مہیش دیکشت آندھرا پردیش کیڈر کے 1993 بیچ کے آئی پی ایس افسر ہیں۔ انہیں 2 سال کی مدت کے لیے یا اگلے حکم تک آئی بی چیف بنایا گیا ہے۔
آفیشیل بیان میں کہا گیا کہ تقرری کمیٹی نے مہیش دیکشت کو انٹیلی جنس بیورو کا چیف مقرر کرنے کی منظوری دی ہے۔ وہ فی الحال انٹیلی جنس بیورو میں اسپیشل ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ وہ 1988 بیچ کے ہماچل پردیش کیڈر کے آئی پی ایس افسر تپن کمار ڈیکا کی جگہ لیں گے۔ ان کی مدت کار عہدہ سنبھالنے کی تاریخ سے 2 سال تک یا اگلے حکم تک رہے گی۔ اس کے لیے انہیں ملازمت میں توسیع بھی دی گئی ہے۔
مہیش دیکشت اب تک انٹیلی جنس بیورو میں اسپیشل ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز تھے اور انہیں ایجنسی کے سب سے تجربہ کار افسران میں شمار کیا جاتا ہے۔ ان کے کیریئر کا ایک بڑا حصہ جموں و کشمیر میں گزرا ہے، جہاں انہوں نے سرینگر میں آئی بی کے سبسیڈیری انٹیلی جنس بیورو کی قیادت کی۔ اس دوران انہوں نے جموں و کشمیر اور لداخ میں انٹیلی جنس سرگرمیوں کی نگرانی کی اور 2019 میں آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد سیکورٹی کی صورتحال پر نظر رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ مہیش دیکشت کو انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کا طویل تجربہ ہے اور انہوں نے آئی بی میں کئی اہم ذمہ داریاں سنبھالی ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی حمایت یافتہ دراندازی کے نیٹورک، انتہا پسندی سے وابستہ سرگرمیوں اور بائیں بازو کی شدت پسندی سے جڑے خطرات سے نمٹنے کے لیے کام کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ انٹیلی جنس بیورو ہندوستان کی اہم اندرونی سیکورٹی اور انٹیلی جنس ایجنسی ہے، جو وزارت داخلہ کے تحت کام کرتی ہے۔ اسے دنیا کی قدیم ترین انٹیلی جنس ایجنسیوں میں سے ایک مانا جاتا ہے۔ اس کا کام ملک کے اندر انٹیلی جنس معلومات جمع کرنا، دہشت گردی کا مقابلہ کرنا اور اہم تنصیبات کی سیکورٹی کو یقینی بنانا ہے۔
