رام مندر ٹرسٹ: اہم عہدوں کے لئے کھینچ تان شروع! اب ویدانتی نے کیا سربراہی کا دعویٰ

ایک آڈیو کلپ میں ویدانتی کہہ رہے ہیں کہ مندر ٹرسٹ کا سربراہ انہیں بنایا جانے چاہئے، جبکہ کچھ سادھو یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو ٹرسٹ کا سربراہ بنانے کا مطالبہ کر رہے ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ایودھیا: بابری مسجد رام مندر معاملہ پر سپریم کورٹ کی جانب سے متنازع زمین کو رام مندر کے لئے دئے جانے اور اس کے لئے ایک ٹرسٹ قائم کرنے کا فیصلہ آئے ہوئے ابھی چند ہی دن ہوئے ہیں کہ سادھو-سنتوں میں اہم عہدوں کے لئے کھینچ تان شروع ہو گئی ہے۔

ایودھیا میں رام مندر مندر کے لئے تحریک میں فعال کردار ادا کرنے والے بی جے پی کے سابق ممبر پارلیمنٹ رام ولاس ویدانتی نے مندر ٹرسٹ کا سربراہ بننے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ سادھو سنتوں کے درمیان گردش کرنے والی ایک آڈیو کلپ میں ویدانتی کہہ رہے ہیں کہ مندر ٹرسٹ کا سربراہ انہیں بنایا جانا چاہئے جبکہ اس سے پہلے کچھ سادھو یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو بھی ٹرسٹ کا سربراہ بنانے کا مطالبہ کر چکے ہیں۔


خبر رساں ایجنسی اے آئی این ایس کے مطابق آڈیو کلپ کی تاحال تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ یہ آڈیو کلپ ویدانتی اور ’تپسوی جی چھاونی‘ کے سربراہ مہنت پرم ہنس داس کے مابین گفتگو کا ایک حصہ ہے۔ واضح رہے کہ مہنت پرم ہنس داس کو گزشتہ روز ہی رام جنم بھومی نیاس کے سربراہ نرتیہ گوپال داس پر توہین آمیز تبصرہ کرنے کے بعد حراست میں لیا گیا ہے۔

آڈیو کلپ میں ویدانتی پریم ہنس داس سے ٹرسٹ کے سربراہ کے لئے اپنا نام تجویز کرنے کے لئے کہہ رہے ہیں۔ دونوں کو نرتیہ گوپال داس کے خلاف گالی گلوچ تک کا استعمال کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔ آڈیو میں پرم ہنس داس کہہ رہے ہیں، ’’نرتیہ گوپال داس کا دماغ خراب ہوگیا ہے؟‘‘ یہ سننے کے بعد نرتیہ گوپال داس کے حامیوں میں کافی غم و غصہ ہے۔

ذرائع کے مطابق پرم ہنس داس کے حامیوں نے اس آڈیو کو اس بات کو عام کرنے کے لئے مشتہر کیا ہے تاکہ لوگوں کو معلوم ہو سکے کہ ویدانتی ٹرسٹ کی سربراہی حاصل کرنے کے لئے سادھو سنتوں کو اکسا رہے ہیں۔


آڈیو میں ویدنتی کا کہنا ہے، ’’آپ یا تو میرے یا رامانند فرقے میں سے کسی ایک کے نام کی تجویز پیش کر سکتے ہیں، ورنہ گورکش پیٹھ کا کوئی رکن (یوگی آدتیہ ناتھ) ٹرسٹ کا سربراہ بن جائے گا۔ وہیں دوسری طرف نرتیہ گوپال داس نے پہلے ہی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کہ وہ یوگی آدتیہ ناتھ کو بطور گورکش پیٹھ مندر ٹرسٹ کا سربراہ بنانا چاہیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


    Published: 15 Nov 2019, 6:11 PM