مہاتما گاندھی قتل معاملے میں سَاورکر کو بچایا گیا تھا: تشار گاندھی

مہاتما گاندھی قتل کی سازش میں میں ساورکر کی شمولیت کا حوالہ کپور کمیشن کی رپورٹ میں موجود ہے۔ تشار گاندھی نے کہا کہ مہاتما گاندھی کے قتل کی تفتیش ٹھیک طریقے سے نہیں ہوئی، اس کی ازسرِ نو تفتیش کی جائے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

اعظم شہاب

ناسک: مہاتما گاندھی کے قتل معاملے میں ساورکر کو بچایا گیا۔ یہ الزام مہاتماگاندھی کے پوتے تشار گاندھی نے ساورکر کے شہر ناسک میں لگایا ہے۔

تشار گاندھی ناسک میں پرشورام سائیکھیڑکر آڈیٹوریم میں ڈاکٹر نریندر دابھولکر کے نظریات پر منعقدہ کانفرنس میں ’مہاتما گاندھی سے گوری لنکیش تک، سیاسی قتل کے سناتنی سچ‘ کے عنوان پر اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی کے قتل میں جو طریقہ کار استعمال کیا گیا تھا، وہی طریقہ کار ڈاکٹر نریندر دابھولکر، گوند پانسارے، کلبرگی اور گوری لنکیش کے قتل میں بھی استعمال کیا گیا۔


انہوں نے کہا کہ ناتھورام گوڈسے نے برقع پہن کر باپو کو گولی مارنے کی پلاننگ کی تھی، لیکن برقع پہن کر دو بار کی کوششوں کے باوجود وہ ٹھیک سے چل نہیں سکا اور پستول رکھنے کے لئے اسے جیب کی ضرورت تھی، جو برقع میں نہیں تھی۔ تشار گاندھی نے کہا کہ آج کل بہت سے لوگوں کو یہ دھمکیاں دی جا رہی ہیں کہ کیا آپ کو دابھولکر بننا ہے؟ مارننگ واک کے لئے آپ جاتے ہیں کیا؟ اس طرح کی دھمکیاں اور اس طرح کے سوالات مجھ سے بھی کئی بار کیے گئے۔

تشار گاندھی نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ مہاتما گاندھی کے قتل کی ٹھیک طریقے سے تفتیش نہیں ہوئی، اس لئے اس معاملے کی ازسرِ نوتفتیش کے مطالبے پر مبنی عرضداشت سپریم کورٹ میں داخل کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوپاک کی تقسیم کے وقت مہاتما گاندھی سے پوچھا تک نہیں گیا تھا، لیکن مہاتما گاندھی کی بلی چڑھا دی گئی۔ انہوں نے سوال کیا کہ آخر کیا وجہ تھی کہ ناتھورام کو ہتھیار فراہم کرنے والے کو چھوڑ دیا گیا۔


تشارگاندھی نے کہا کہ ناتھورام گوڈسے کچھ نظریات کا بلی چڑھا تھا، اس کا دفاع نہیں کیا گیا، لیکن ساورکر کا دفاع بہت مضبوطی کے ساتھ کیا گیا۔ مہاتماگاندھی کے قتل کے مقدمے کی سماعت کے دوران دفاعی وکلاء نے تمام قانونی نکات صرف اور صرف ساورکر کی دفاع میں استعمال کیے اور ناتھورام و دیگر کسی بھی ملزم کا کوئی دفاع نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مہاتماگاندھی کے قتل کی سازش میں ساورکر کی شمولیت کا حوالہ کپور کمیشن کی رپورٹ میں موجود ہے۔ تشار گاندھی نے کہا کہ مہاتما گاندھی کے قتل کی تفتیش ٹھیک طریقے سے نہیں ہوئی، اس لئے اس کی ازسرِ نو تفتیش کی جائے۔ اس تعلق سے عرضداشت گزشتہ سال سپریم کورٹ میں داخل کی گئی ہے۔


تشار گاندھی کی تقریر اس لنک پر مکمل سنی جاسکتی ہے

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 29 Aug 2019, 8:00 AM
/* */