سنجے راؤت نے باغی اراکین پارلیمنٹ پر لگایا دھمکی دینے کا الزام، ممبئی کے پولیس کمشنر سے کی شکایت

سنجے راؤت کے مطابق باغی اراکین پارلیمنٹ تو براہ راست بول رہے ہیں کہ ہم بم سے حملہ کریں گے۔ اس طرح کھلے عام دھمکی دینا بالکل درست نہیں ہے، ایسی صورتحال میں ان تمام کی جانچ ہونی چاہیے۔

<div class="paragraphs"><p>سنجے راؤت / آئی اے این ایس</p></div>
i

شیوسینا (یو بی ٹی) کے لیڈر سنجے راؤت کے مطابق کچھ باغی اراکین پارلیمنٹ نے انہیں دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی ان کے بارے میں بولے گا تو بم سے حملہ کر دیں گے۔ اس طرح کی دھمکی انتہائی سنگین ہے۔ میں نے اس تعلق سے ممبئی پولیس کمشنر دیویندر بھارتی کو خط لکھ کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے جمعرات کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’اگر ہماری فوج کو پاکستان پر حملہ کرنا ہوتا ہے تو وہ وزیر اعظم نریندر مودی سے اجازت لیتے ہیں کہ حملہ کرنا ہے یا نہیں؟ اسی طرح وزیر اعظم مودی بھی امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے سوال کرتے ہیں کہ کیا کرنا ہے؟‘‘

سنجے راؤت کے مطابق باغی اراکین پارلیمنٹ تو براہ راست بول رہے ہیں کہ ہم بم سے حملہ کریں گے۔ اس طرح کھلے عام دھمکی دینا بالکل درست نہیں ہے، ایسی صورتحال میں ان تمام کی جانچ ہونی چاہیے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ آخر ان لوگوں کے پاس بم کہاں سے آیا؟ کیا ایکناتھ شندے نے بم کی فیکٹری بنائی ہے؟ اس طرح سے ایک راجیہ سبھا رکن کو باغی اراکین پارلیمنٹ کی جانب سے دھمکی دیے جانی کی جانچ ہونی چاہیے۔ میں نے اس سلسلے میں ممبئی پولیس کمشنر کو خط لکھا ہے۔ میں خود اس معاملے کو لے کر عدالت جاؤں گا؟ ہم سب ان لوگوں کے خلاف تحریک بھی کریں گے۔ میں کسی بھی دھمکی سے ڈرنے والا نہیں ہوں۔


دوسری جانب مذکورہ معاملہ پر مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے سخت ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کسی کو بھی بم سے گھر اڑانے یا دھمکیوں کے ذریعے خوف کا ماحول پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم کسی کا گھر بم سے اڑنے نہیں دیں گے اور کسی کو بھی ایسی کھوکھلی دھمکیوں سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اگر کوئی دھمکی دے رہا ہے تو پولیس پوری طرح اہل ہے اور اس سے سختی سے نمٹے گی۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’پولیس لا اینڈ آرڈر برقرار رکھنے کے لیے پوری طرح چوکس ہے اور معاملے میں مناسب اور سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔‘‘