ملائم سنگھ یادو کی طبیعت پھر ناساز، بے چینی کی شکایت کے بعد اسپتال میں داخل

اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ ملائم سنگھ یادو کو گروگرام کے میدانتا اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ملائم یادو کو بے چینی کی شکایت ہونے کے بعد فوری طور پر اسپتال میں داخل کرایا گیا۔

ملائم سنگھ یادو، تصویر آئی اے این ایس
ملائم سنگھ یادو، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

سماجوادی پارٹی کے سرپرست ملائم سنگھ یادو کو اچانک طبیعت خراب ہونے کے بعد گروگرام کے میدانتا اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ملائم یادو کو بے چینی کی شکایت ہوئی تھی اور تازہ ترین خبروں کے مطابق اسپتال میں ڈاکٹروں کی ٹیم ان کی جانچ کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ کچھ مہینوں میں ملائم یادو کی طبیعت کئی بار خراب ہو چکی ہے اور انھیں اسپتال میں علاج کے لیے داخل کرانا پڑا ہے۔ تازہ معاملہ کے تعلق سے بتایا جا رہا ہے کہ ان کی طبیعت دو دن سے خراب چل رہی ہے۔ جمعرات کو بے چینی کا احساس زیادہ ہوا جس کے بعد فوری طور پر انھیں گروگرام کے میدانتا اسپتال میں داخل کرایا گیا۔


اسپتال میں ان کے سبھی ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں تاکہ بہتر علاج ہو سکے۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ ملائم سنگھ اب سیاسی طور پر سرگرم نہیں ہیں اور سماجوادی پارٹی کا پورا ذمہ ان کے بیٹے اکھلیش یادو کے کندھوں پر ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔