سلمان خان کے والد سلیم خان اِس وقت ونٹیلیٹر پر، دعاؤں کا سلسلہ جاری
ڈاکٹروں نے بتایا کہ سلیم خان کو ہلکا برین ہیمریج ہوا تھا، جس کے بعد منگل کی صبح انھیں اسپتال میں داخل کیا گیا۔ ابتدا میں سرجری کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا، لیکن فی الحال اسے ٹال دیا گیا ہے۔

ہندی فلم انڈسٹری کے مشہور اسکرپٹ رائٹر اور سلمان خان کے والد سلیم خان کی طبیعت ناساز بنی ہوئی ہے۔ 90 سالہ سلیم خان کا علاج ممبئی کے لیلاوتی اسپتال میں چل رہا ہے، جہاں انھیں اِس وقت ونٹیلیٹر پر رکھا گیا ہے۔ مشہور ہستیاں ان کی عیادت کرنے کے لیے اسپتال پہنچ رہے ہیں اور ان کی صحت میں بہتری کے لیے دعاؤں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ڈاکٹروں کے مطابق سلیم خان کو ہلکا برین ہیمریج ہوا تھا، جس کے بعد منگل کی صبح انھیں اسپتال لایا گیا۔ اچانک ان کا بلڈ پریشر کافی بڑھ گیا تھا۔ ان کے پرائیویٹ ڈاکٹر نے اہل خانہ کو بلاتاخیر اسپتال لے جانے کا مشورہ دیا۔ اسپتال میں ان کی حالت کو مستحکم کیا گیا۔ ابتدا میں سرجری کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا، لیکن فی الحال اسے ملتوی کر دیا گیا ہے کیونکہ ان کی صحت میں بہتری کے اشارے مل رہے ہیں۔
بدھ کی دوپہر میڈیکل ٹیم نے جانکاری دی کہ سلیم خان کی حالت اب مستحکم ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو انھیں کل تک ونٹیلیٹر سے ہٹایا جا سکتا ہے۔ فی الحال انھیں نگرانی میں رکھا گیا ہے اور لگاتار مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ ان خراب طبیعت کی خبر ملتے ہی فلم انڈسٹری میں ہلچل بڑھ گئی۔ کئی فلمی ہستیاں اور رشتہ دار لیلاوتی اسپتال پہنچے۔ مشہور گلوکار اور اسکرپٹ رائٹر جاوید اختر 2 بار اسپتال پہنچ کر ان کا حال دریافت کر چکے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ جاوید اختر اور سلیم خان کی جوڑی نے 70 اور 80 کی دہائی میں ہندی سنیما کو نئی سمت دی۔ ’شعلے‘، ’زنجیر‘، ’دیوار‘، ’تریشول‘ اور ’مسٹر انڈیا‘ جیسی فلمیں اسی جوڑی کی دی ہوئی ہیں۔ اسی دور میں ’اینگری ینگ مین‘ کی شبیہ بنی، جسے امیتابھ بچن نے بڑے پردے پر زندہ و جاوید کر دیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔