جموں و کشمیر معاملہ پر روس سے حمایت ملنے کے بعد ہندوستان مسرور

روسی بیان میں کہا گیا ہے’’ہمیں امید ہے کہ اس میں شامل فریق فیصلہ کے نتائج علاقہ میں صورت حال کو بگڑنے کی اجازت نہیں دیں گے‘‘۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ماسکو: روس نے جموں کشمیر کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے والے آئین کے آرٹیکل 370 کو ختم کرنے کے حکومت ہند کے فیصلہ کی حمایت کرتے ہوئے اسے آئینی دائرہ کار کے اندر قرار دیا ہے۔

روس کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرکے کہا ’’روس ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو معمول پر رکھنے کی مسلسل حمایت کرتا رہا ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان اختلافات کو سیاسی اور سفارتی ذرائع کے ذریعہ دو طرفہ بنیاد پر 1972 کے شملہ معاہدہ اور 1999 کے لاہور اعلامیہ کی دفعات کے مطابق حل کیا جائے گا‘‘۔

وزارت نے کہا ’’روس کو امید ہے کہ ہندوستان اور پاکستان جموں و کشمیر ریاست کی حیثیت میں تبدیلی کی وجہ سے علاقے میں صورتحال کو بگڑنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ہم اس حقیقت کو قبول کرتے ہیں کہ جموں و کشمیر ریاست کے درجے میں تبدیلی اور اس کے دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں تقسیم ہندوستانی جمہوریہ کے آئین کے فریم کے اندر کیا گیا ہے‘‘۔

روسی بیان میں کہا گیا ہے’’ہمیں امید ہے کہ اس میں شامل فریق فیصلہ کے نتائج علاقہ میں صورت حال کو بگڑنے کی اجازت نہیں دیں گے‘‘۔

ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان رويش کمار نے کہا کہ جموں و کشمیر کے سلسلہ میں فیصلہ لئے جانے کے بعد ہندوستان نے کئی ممالک کو اس بارے میں سفارتی ذرائع سے پوزیشن واضح کی ہے۔ یہاں تک کہ وزیر خارجہ کی سطح پر بھی بات کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ان ممالک نے ہندوستان کی بات کو سمجھا ہے اور قبول کیا ہے۔ ان ممالک کے سامنے پاکستان بے نقاب ہو گیا ہے۔

کمار نے جمعہ کو نئی دہلی میں کہا کہ پاکستان پریشان ہے۔ اسے محسوس ہو رہا ہےکہ اب جموں و کشمیر کو لے کر اس کی سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی اور لوگوں کو گمراہ کرنے کا اس کا ایجنڈا آگے نہیں بڑھ پائے گا۔ اس لئے وہ دنیا کے سامنے تشویشناک تصویر پیش کرکے خوف کا ماحول بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ وہ اس طرح کے معاملات کو ان واقعات سے جوڑ رہا ہے جن کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے بارے میں فیصلے آئین کے مطابق کیے گئے ہیں اور یہ ہندوستان کا اندرونی معاملہ ہے۔ اس فیصلہ کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے فیصلوں سے جموں و کشمیر میں ترقی کی رفتار تیز ہوگی جس سے وہاں کے نوجوانوں کو الجھانے کا پاکستان کا ایجنڈا ناکام ہو جائے گا، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو نئی حقیقت کو قبول کرکے ہندوستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرنے کی کوشش سے باز آنا چاہیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔