بہار: آرجے ڈی نے جے ڈی یو کو چٹائی دھول، ظفر عالم 15505 ووٹوں سے کامیاب
بہار میں سہرسہ ضلع کے سمری بختیار پور اسمبلی حلقہ میں اہم اپوزیشن پارٹی راشٹریہ جنتادل ( آرجے ڈی ) نے حزب اقتدار جنتادل یونائٹیڈ (جے ڈی یو) کو دھول چٹاتے ہوئے آج 15505 ووٹوں کے فرق سے جیت حاصل کی

پٹنہ: بہار میں سہرسہ ضلع کے سمری بختیار پور اسمبلی حلقہ میں اہم اپوزیشن پارٹی راشٹریہ جنتادل ( آرجے ڈی ) نے حزب اقتدار جنتادل یونائٹیڈ( جے ڈی یو) کو دھول چٹاتے ہوئے آج 15505 ووٹوں کے فرق سے جیت حاصل کی ۔
ریاستی الیکشن دفتر کے مطابق سمری بختیار پور اسمبلی حلقہ میں آر جے ڈی کے ظفرعالم نے اپنے نزدیکی حریف جے ڈی یو کے ڈاکٹر ارون کمار کو 15505 ووٹوں کے کثیر فرق سے پٹخنی دی ہے ۔ گنتی ختم ہونے پر عالم کو 71441 ووٹ حاصل ہوئے جبکہ ڈاکٹر کمار کو 55936 ووٹوں پر ہی اکتفا کرنا پڑا۔ وہیں آرجے ڈی زیر قیادت مہا گٹھ بندھن کی حلیف ویکاس شیل انسان پارٹی ( وی آئی پی) امیدوار دنیش کمار نشاد کو 25225 ووٹ حاصل ہوئے ۔
واضح رہے کہ سمری بختیار پور سے سال 2015 کے اسمبلی انتخاب میں جے ڈی یو کے دنیش چند ریادو کامیاب ہوئے تھے ۔ سال 2019 کے لوک سبھا انتخاب میں مدھے پورا سے یادو رکن پارلیمنٹ منتخب کئے گئے اور اس کی وجہ سے سمری بختیار پور سیٹ خالی ہوگئی ۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
