غیر مقامی لوگوں کے لئے ووٹنگ کا حق، فاروق عبداللہ نے کل جماعتی میٹنگ طلب کی

ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے الیکشن کمیشن کی طرف سے غیر مقامی لوگوں کو یہاں ووٹ ڈالنے کا حق دینے کے فیصلے پر غور وخوض کرنے کے لئے 22 اگست یعنی پیر کو اپنی رہائش گاہ پر کل جماعتی میٹنگ طلب کی ہے

فاروق عبداللہ / یو این آئی
فاروق عبداللہ / یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے الیکشن کمیشن کی طرف سے غیر مقامی لوگوں کو یہاں ووٹ ڈالنے کا حق دینے کے فیصلے پر غور وخوض کرنے کے لئے 22 اگست یعنی پیر کو اپنی رہائش گاہ پر کل جماعتی میٹنگ طلب کی ہے۔

ذرائع کے مطابق اس میٹنگ میں بی جے پی کو چھوڑ کر جموں وکشمیر کی تمام سیاسی پارٹیوں کو شرکت کرنے کی دعوت دی گئی ہے اور اس میں الیکشن کمیشن کے مذکورہ حالیہ فیصلے کے متعلق مستقبل کے لئے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔

جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا گیا: ’ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے تمام سیاسی جماعتوں کے لیڈروں کو ایک میٹنگ کے لئے مدعو کیا ہے تاکہ ووٹر لسٹوں میں غیر مقامی افراد کو شامل کرنے کے جموں و کشمیر حکومت کے حالیہ اعلان پر تبادلہ خیال کیا جا سکے‘۔


ٹویٹ میں مزید کہا گیا: ’انہوں نے ذاتی طور پر لیڈروں کے ساتھ بات کی اور انہیں 22 اگست پیر کو گیارہ بجے منعقد ہونے والی میٹنگ میں شرکت کرنے کی دعوت دی‘۔ قبل ازیں پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ انہوں نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو اس سلسلے میں ایک کل جماعتی اجلاس طلب کرنے کی گذارش کی۔

قابل ذکر ہے کہ چیف الیکٹورل افسر جموں وکشمیر نے گذشتہ روز ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ جموں و کشمیر میں امسال 20 سے 25 لاکھ نئے ووٹروں کا اندراج ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ غیر مقامی افراد (جن میں غیر مقامی مزدور، کرایہ دار ، طلبا وغیرہ شامل ہیں )کے ساتھ ساتھ مسلح افواج بھی ووٹر کے بطوراپنا اندراج کر ا سکتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */