’پارلیمنٹ یا کابینہ میں این آر سی پر بات نہیں ہوئی‘ امت شاہ نے دہرایا مودی کا جھوٹ

وزیر داخلہ نے ایک انٹرویو کے دوران ایک بار پھر مودی کے این آر سی سے متعلق جھوٹ کو دوہراتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم ٹھیک کہتے ہیں کہ نہ تو کابینہ اور نہ پارلیمنٹ میں این آر سی پر کوئی بات ہوئی ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں منگل کے روز منعقدہ مرکزی کابینہ کے اجلاس کے دوران 2021 کی مردم شماری کا عمل شروع کرنے اور نیشنل پاپولیشن رجسٹر (این پی آر) کی منظوری دی گئی۔ شام کو وزیر داخلہ امیت شاہ نے ایک نیوز ایجنسی سے بات کی اور ملک میں شہریت ترمیمی قانون اور ممکنہ این آر سی کے سلسلے میں جاری ہنگاموں کے درمیان این پی آر لانے کے بارے میں جو سوالات پہلے سے اٹھائے جا رہے تھے ان کی پوری وضاحت کی کوشش کی لیکن اس دوران انہوں نے بھی حالیہ رام لیلا میدان کی ریلی میں وزیر اعظم مودی کے بیان کردہ جھوٹ کو بھرپور طریقے سے دہرایا۔

انٹرویو کے دوران وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ این پی آر اور قومی شہریت رجسٹر (این آر سی) میں کوئی تعلق نہیں ہے۔ اس دوران انہوں نے زور دے کر کہا کہ فی الحال حکومت میں این آر سی کے بارے میں کوئی بات نہیں کی جارہی ہے۔ شاہ مزید کہا کہا کہ حزب اختلاف کی طرف سے سی اے اے، این آر سی اور این پی آر کے بارے میں سیاست کی جا رہی ہے۔ نیز اپوزیشن کے لوگ افواہیں پھیلا رہے ہیں۔


اس انٹرویو کے دوران سب سے اہم بات یہ تھی کہ وزیر داخلہ امت شاہ نے وزیر اعظم کے برعکس یہ قبول کیا کہ ملک میں حراستی مراکز تعمیر ہو رہے ہیں۔ تاہم، شاہ نے کہا کہ یہ حراستی مراکز مسلمانوں کے لئے نہیں بنائے جا رہے بلکہ ان لوگوں کے لئے بنائے جا رہے ہیں جو باہر سے ہیں اور یہاں رہ رہے ہیں اور ان کے پاس کوئی کاغذات نہیں ہیں۔ حالانکہ، امت شاہ نے حراستی مراکز کی تعداد بتانے سے یہ کہتے ہوئے انکار کر دیا کہ وہ فی الحال تعداد سے واقف نہیں ہیں۔ این پی آر کے لئے آدھار نمبر دینے کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ آدھار نمبر دینے میں کوئی حرج نہیں ہے۔

ظورطلب ہے کہ 22 دسمبر کو راجدھانی دہلی کے رام لیلا میدان پر بی جے پی کے ایک جلسہ سے وزیر اعظم نریندر مودی نے ترمیم شدہ شہریت قانون لاگو ہونے کے بعد این آر سی پر جاری ہنگامے کے درمیان کہا کہ این آر سی کے بارے میں پارلیمنٹ میں کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم مودی نے یہ بھی کہا کہ ملک میں کہیں بھی حراستی مرکز تعمیر نہیں کیا جا رہا ہے۔ اس دن بھی وزیر اعظم کا بیان سن کر لوگ حیران رہ گئے اور آج پھر وزیر داخلہ کا بیان لوگوں کو چکرا دینے والا ہے۔ کیونکہ ایسی تمام ویڈیوز سامنے آ رہی ہیں جن میں صدر، امت شاہ اور بی جے پی کے قائم مقام صدر جے پی نڈڈا این آر سی کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 24 Dec 2019, 8:31 PM