’دھرمیندر پردھان کو عہدے سے ہٹائیں، طلبہ سے معافی مانگیں‘، وزیر اعظم مودی کے بیان پر راہل گاندھی کا سخت ردعمل

راہل گاندھی نے پی ایم مودی کے بیان کے بعد ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’آپ نے نہ صرف ہمارے تعلیمی نظام پر مکمل قبضہ ہونے اور اسے تباہ ہونے دیا، بلکہ اسے بڑھاوا بھی دیا اور اس کے ذمہ دار ہر شخص کو تحفظ فراہم کیا‘

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی / ویڈیو گریب</p></div>
i

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رہنما راہل گاندھی مسلسل مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کے مطالبے پر اڑے ہوئے ہیں۔ جمعرات کی صبح وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے پیپر لیک کے تمام معاملات کے فوری تصفیے کے لیے فاسٹ ٹریک عدالتیں قائم کرنے کے اعلان کے بعد راہل گاندھی نے ایک بار پھر اپنے مطالبات دہرائے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے اعلان کے بعد راہل گاندھی نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’آپ ہی نے ہمارے نوجوانوں کے مستقبل کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔ آپ نے نہ صرف ہمارے تعلیمی نظام پر مکمل قبضہ ہونے اور اسے تباہ ہونے دیا، بلکہ اسے بڑھاوا بھی دیا اور اس کے ذمہ دار ہر شخص کو تحفظ فراہم کیا۔‘‘

راہل گاندھی نے اپنی ’ایکس‘ پوسٹ میں مزید لکھا کہ ’’طلبہ کے مطالبات بالکل واضح ہیں: دھرمیندر پردھان کو عہدے سے ہٹائیں۔ طلبہ سے معافی مانگیں اور طلبہ کے خلاف تشدد کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں۔‘‘ ایک دیگر ’ایکس‘ پوسٹ میں راہل گاندھی نے کہا کہ ’’آج ہر طالب علم کہہ رہا ہے، پولسی والے کہہ رہے ہیں، پورا ملک کہہ رہا ہے کہ مودی حکومت کو جانا پڑے گا۔ حزب اختلاف کے قائد کے طور پر میری ذمہ داری ہر ہندوستانی کی آواز بننا ہے اور اس کے لیے ہر قیمت چھوٹی ہے۔‘‘


اس سے قبل نیٹ پیپر لیک کے معاملے پر جاری تنازعہ کے درمیان وزیر اعظم مودی نے جمعرات کو اعلان کیا کہ پیپر لیک کے تمام معاملات میں مجرموں کو جلد از جلد سخت سزا دینے اور مقدمات کے فوری تصفیے کے لیے فاسٹ ٹریک عدالتیں قام کی جائیں گی۔ انہوں نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’ملک کے نوجوانوں کا مفاد اور ان کا مستقبل ہماری اولین ترجیح ہے۔ پیپر لیک کے تمام معاملات میں مجرموں کو جلد از جلد سخت سزا دینے اور مقدمات کے فوری تصفیے کے لیے فاسٹ ٹریک عدالتیں قائم کی جائیں گی۔ اس سلسلے میں ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ متعلقہ محکمہ ضروری کارروائی کو یقینی بنائے۔‘‘

وزیر اعظم مودی نے اپنی ’ایکس‘ پوسٹ میں مزید لکھا کہ ’’طلبہ کے مفادات کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے لیے جانے والے فیصلوں کے سلسلے میں یہ ایک اہم قدم ہے۔ نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے کسی بھی شخص کو بخشا نہیں جائے گا۔‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔