بیرون ملک سفر کرنے والوں کو راحت، امیگریشن قوانین میں بڑی تبدیلی، یکم ستمبر سے بورڈنگ پاس پر مہر لگانے کا مسئلہ ختم

بیورو آف امیگریشن نے موجودہ طریقۂ کار کا گہرائی سے جائزہ لینے کے بعد ملک کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں کے حکام کو اس نئی ہدایت سے آگاہ کر دیا ہے۔

ہندوستانی پاسپورٹ
i

بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر قطاروں اور کاغذی کارروائیوں سے دوچار ہونے والے مسافروں کو حکومت نے بڑی راحت دی ہے۔ وزارت داخلہ (ایم ایچ اے) کے تحت کام کرنے والے ’بیورو آف امیگریشن‘ (بی او آئی) نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ یکم ستمبر سے امیگریشن کاؤنٹروں پر بورڈنگ پاس پر مہر لگوانے کا پرانا نظام ختم کر دیا جائے گا۔ اس فیصلے کے بعد بیرون ملک جانے والے مسافر اپنے اسمارٹ فون پر موجود ’الیکٹرانک بورڈنگ پاس‘ (ای- بورڈنگ پاس) دکھا کر آسانی سے امیگریشن کلیئرنس حاصل کر سکیں گے۔ اس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی، بلکہ سفر کا تجربہ بھی زیادہ سہل اور آسان ہو جائے گا۔

اب تک بیرون ملک جانے کے وقت مسافروں کو امیگریشن کاؤنٹر پر اپنا پرنٹ شدہ بورڈنگ پاس دکھانا ہوتا تھا، جس پر افسر مہر لگاتے تھے۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق یکم ستمبر سے اس لازمی ضابطے کو مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ اب فزیکل بورڈنگ پاس کے ساتھ ساتھ ای- بورڈنگ پاس بھی امیگریشن کاؤنٹروں پر قابل قبول ہوں گے۔ بیورو آف امیگریشن نے موجودہ طریقہ کار کا گہرائی سے جائزہ لینے کے بعد ملک کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں کے حکام کو اس نئی ہدایت سے آگاہ کر دیا ہے۔


اس نئے ضابطے کا مطلب یہ بالکل نہیں ہے کہ آپ کے ہاتھ میں موجود کاغذی بورڈنگ پاس فضول ہو جائے گا۔ جو مسافر ڈیجیٹل طریقے کے بجائے پرنٹ شدہ بورڈنگ پاس رکھنا پسند کرتے ہیں، وہ پہلے کی طرح ہی اسے استعمال کر سکتے ہیں۔ فرق صرف اتنا آئے گا کہ یکم ستمبر سے امیگریشن افسر اس کاغذ پر کوئی مہر نہیں لگائیں گے۔ مسافروں کو یہ مکمل آزادی ہوگی کہ وہ اپنی سہولت کے مطابق ڈیجیٹل پاس دکھائیں یا پھر پرنٹ شدہ کاپی ساتھ رکھیں۔ بس مہر لگوانے کی جو لازمی شرط تھی، وہ اب ختم ہو جائے گی۔ بیورو آف امیگریشن نے پایا کہ بورڈنگ پاس پر مہر لگانے کا یہ پرانا طریقہ مسافروں کے لیے بلاوجہ کی پریشانی پیدا کر رہا تھا۔ کئی مرتبہ ایسا ہوتا تھا کہ غلط یا بے ترتیب طریقے سے مہر لگنے کی وجہ سے بورڈنگ پاس پر درج ضروری معلومات پڑھ پانا بہت مشکل ہو جاتا تھا۔ انہی عملی پریشانیوں کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا کہ مہر لگانے کے اس نظام کو مستقل طور پر ختم کر دیا جائے، تاکہ سفر کے عمل کو مزید شفاف اور آسان بنایا جا سکے۔

قابل ذکر ہے کہ یہ نیا ضابطہ صرف امیگریشن کاؤنٹر کے لیے نافذ کیا جا رہا ہے۔ سیکورٹی حکام نے واضح کیا ہے کہ مرکزی صنعتی سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کی جانب سے بورڈنگ پاس پر مہر لگانے کا کام کئی سال پہلے ہی بند کیا جا چکا ہے۔ اس لیے یکم ستمبر کی یہ تبدیلی مکمل طور پر امیگریشن کے عمل تک محدود ہے۔ اس کے علاوہ حکام نے بتایا ہے کہ مستقبل میں ہندوستانی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے امیگریشن انٹری اور ایگزٹ اسٹیمپنگ کو بھی ختم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس کے لیے ایک پائلٹ پروجیکٹ کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، جس کے مکمل ہونے کے بعد اسے ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر نافذ کیا جا سکتا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔