تہواروں میں بھی آٹو کمپنیوں کا بحران جاری، اکتوبر ماہ میں فروخت 24 فیصد نیچے

رواں تہواری سیزن میں کمرشیل گاڑیوں کی فروخت میں سب سے زیادہ کمی دیکھنے کو ملی ہے۔ فاڈا کے مطابق اکتوبر میں کمرشیل گاڑیوں کی فروخت 30.32 فیصد گھٹ کر 44480 یونٹ تک محدود ہو گئی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

طویل مدت سے خسارے کا شکار آٹو سیکٹر کو کورونا بحران میں لاک ڈاؤن کی مدت کے بعد اگست اور ستمبر مہینے میں کچھ راحت ضرور ملی تھی، لیکن اکتوبر مہینے میں ایک بار پھر اس سیکٹر کو زبردست جھٹکا لگا ہے۔ اس مہینے دھنتیرس اور دیوالی جیسے بڑے تہواروں کے باوجود گزشتہ مہینے ملک بھر میں سبھی طرح کی گاڑیوں کی فروخت میں زبردست گراوٹ درج کی گئی ہے۔

فیڈریشن آف آٹو موبائل ڈیلرس ایسو سی ایشن (فاڈا) کے مطابق اکتوبر میں مسافر کاروں کی فروخت 8.8 فیصد تک گری ہے۔ فاڈا کے اعداد و شمار کے مطابق پیسنجر گاڑیوں کی خوردہ فروخت اکتوبر میں 8.8 فیصد گھٹ کر 249860 یونٹ رہ گئی، جب کہ ایک سال پہلے اسی دوران اس سیگمنٹ کی گاڑیوں کی فروخت 273980 یونٹ رہی تھی۔ اس کے علاوہ لاک ڈاؤن سے سپلائی چین میں رخنہ پڑا تھا جس کی وجہ سے گاڑیوں کا رجسٹریشن بھی دھیما پڑا ہے۔


اسی طرح دوپہیہ گاڑیوں کی بات کریں تو اکتوبر مہینے میں ان کی ڈیمانڈ حیرت انگیز طور پر گھٹی ہے۔ اس سال اکتوبر میں کل 1041682 دوپہیہ گاڑیاں فروخت ہوئیں، جب کہ گزشتہ سال اکتوبر میں کل 1423394 ٹو وہیلر فروخت ہوئے تھے۔ سال در سال فروخت کی بنیاد پر دیکھیں تو اس سال ان گاڑیوں کی فروخت میں 26.82 فیصد گراوٹ درج ہوئی ہے۔ حال میں صرف نوراتر کے دوران فروخت میں تھوڑا اضافہ دیکھنے کو ملا۔

اس تہواری سیزن میں سب سے زیادہ خسارہ کمرشیل گاڑیوں کی فروخت میں ہوا ہے۔ فاڈا کے مطابق گزشتہ اکتوبر میں کمرشیل گاڑیوں کی فروخت 30.32 فیصد گھٹ کر 44480 یونٹ تک محدود رہ گئی۔ جب کہ ایک سال پہلے اسی دوران 63837 یونٹ کی فروخت ہوئی تھی۔ اسی طرح تھری وہیلرس کی فروخت بھی اکتوبر میں 64.5 فیصد گھٹ کر 22381 یونٹ رہی، جو گزشتہ سال اکتوبر میں 63042 یونٹ رہی تھی۔ حالانکہ راحت کی بات ہے کہ اس دوران ٹریکٹر کی فروخت 55 فیصد بڑھ کر 55146 یونٹ ضرور پہنچی ہے۔


غور طلب ہے کہ ملک میں آٹو سیکٹر گزشتہ طویل مدت سے بحران کا شکار ہے۔ اس کے بعد اس سال مارچ میں لگے لاک ڈاؤن نے تو ایک طرح سے آٹو سیکٹر کی کمر ہی توڑ دی۔ لاک ڈاؤن ہٹنے کے بعد اگست اور ستمبر میں فروخت کی رفتار دیکھتے ہوئے اکتوبر میں سبھی طرح کی گاڑیوں کی فروخت بڑھنے کی امید تھی، لیکن 23.99 فیصد کی گراوٹ درج کی گئی۔ گزشتہ مہینے سبھی طرح کی گاڑیوں کی فروخت 1413549 یونٹ رہی، جو ایک سال پہلے 1859709 یونٹ تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔