آر بی آئی نے بینکنگ سسٹم میں ڈالے 141171 کروڑ روپے، عام لوگوں کو بھی ملے گا فائدہ

بینکنگ سسٹم میں وافر رقم ہونے کی وجہ سے بینک عوام کو آسانی سے قرض فراہم کر سکتے ہیں۔ موجودہ وقت میں بینکنگ سسٹم میں نقدی کی کمی دیکھی جا رہی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ریزرو بینک آف انڈیا / تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i

ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے ملک کے بینکنگ سسٹم کو مضبوط بنانے کے لیے ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔ منگل کو آر بی آئی نے بینکنگ سسٹم میں 1,41,171 کروڑ روپے کی رقم شامل کی ہے۔ ریزرو بینک نے یہ قدم ایسے وقت میں اٹھایا ہے جب ملک کا بینکنگ سسٹم لکویڈیٹی (نقدی) کی کمی کا سامنا کر رہا ہے۔ درحقیقت بینکوں میں مناسب مقدار میں رقم موجود ہونے کا فائدہ عام آدمی کو بھی پہنچتا ہے۔ بینکنگ سسٹم میں وافر رقم ہونے کی وجہ سے بینک عوام کو آسانی سے قرض فراہم کر سکتے ہیں۔ موجودہ وقت میں بینکنگ سسٹم میں نقدی کی کمی دیکھی جا رہی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق 21 جون کو 30,685.11 کروڑ روپے کا سرپلس 22 جون کو گھٹ کر 19,971.89 کروڑ روپے کے خسارے میں تبدیل ہو گیا۔ اسی لیے ریزرو بینک نے اس کمی کو پورا کرنے کے مقصد سے 5.26 فیصد کی کٹ آف اوسط شرح پر یہ رقم بینکوں میں فراہم کی ہے۔ ہندوستانی ریزرو بینک نے بینکوں کو یہ رقم وی آر آر نیلامی کے ذریعہ فراہم کی ہے۔ وی آر آر نیلامی آر بی آئی کا ایک ایسا وسیلہ ہے جس کے ذریعہ وہ بینکنگ سسٹم میں نقدی کی عارضی کمی یا زیادتی کو متوازن رکھتا ہے۔ ماہرین کے مطابق نقدی میں یہ کمی اشیا و خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کی ادائیگیوں کے سبب بینکنگ سسٹم سے رقم کے اخراج کی وجہ سے پیدا ہوئی ہے۔ نقدی کے خسارے میں جانے سے اوور نائٹ منی مارکیٹ کی شرحوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے، جہاں ویٹیڈ ایوریج کال منی ریٹ 5.43 فیصد پر رہی، جو آر بی آئی کی ریپو ریٹ سے 0.18 فیصد زیادہ ہے۔


قابل ذکر ہے کہ جب ملک کے بینکوں کے پاس مناسب مقدار میں سرمایہ موجود ہوتا ہے تو ان کے لیے قرض فراہم کرنا آسان ہو جاتا ہے۔ اس طرح بینک کارپوریٹ قرضوں سے لے کر خوردہ قرضوں تک کی طلب پوری کر سکتے ہیں۔ جب بینکوں کے پاس زیادہ رقم ہوتی ہے اور وہ زیادہ سے زیادہ قرض فراہم کرتے ہیں تو بازار میں لکویڈیٹی بڑھ جاتی ہے۔ اس کا فائدہ معیشت سے لے کر عام آدمی تک سب کو پہنچتا ہے۔

بینکوں پر نقدی کے دباؤ کو کم کرنے اور اوور نائٹ منی مارکیٹ کی شرحوں کو قابو میں رکھنے کے لیے مرکزی بینک نے گزشتہ چند دنوں کے دوران مختلف مدت کی وی آر آر نیلامیوں کے ذریعہ تقریباً 2.43 لاکھ کروڑ روپے کی عارضی نقدی نظام میں شامل کی ہے۔ آر بی آئی کے اعداد و شمار کے مطابق مرکزی بینک نے پیر کو اوور نائٹ وی آر آر کے ذریعے 36,300 کروڑ روپے، جمعہ کو 3 روزہ وی آر آر نیلامی کے ذریعے 16,750 کروڑ روپے، بدھ کو 2 وی آر آر نیلامیوں کے ذریعے 72,300 کروڑ روپے، 16 جون کو 7 روزہ وی آر آر نیلامی میں 89,440 کروڑ روپے اور 15 جون کو اوور نائٹ وی آر آر نیلامی کے ذریعے 28,220 کروڑ روپے بینکنگ سسٹم میں شامل کیے تھے۔