آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے ذریعہ ’پیغام رمضان‘ سلسلہ کا آغاز

رمضان المبارک کی فضیلت، روزہ کا تقاضہ، عبادت و ریاضت اور اس کی قدر و قیمت کے بارے میں بتانے کے لیے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے سوشل میڈیا ڈیسک کی جانب سے ’پیغام رمضان‘ سلسلہ کا آغاز کیا گیا ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

نئی دہلی: آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے سوشل میڈیا ڈیسک کی جانب سے ’پیغام رمضان‘ کے سلسلہ کا آغاز کیا گیا ہے۔ جس میں رمضان کی فضلیت، روزے کے تقاضے، عبادت و ریاضت اور اس کی قدر و قیمت کے بارے میں بتایا جائے گا۔ یہ بات مسلم پرسنل لاء بورڈ کے جاری کردہ ریلیز میں کہی گئی ہے۔ ریلیز کے مطابق رمضان المبارک کا مقدس مہینہ ہم سب پر سایہ فگن ہے۔ یہ مہینہ اللہ تبارک وتعالیٰ کی بڑی عظیم نعمت ہے۔ جس کا پہلا عشرہ رحمت، دوسرا عشرہ مغفرت اور تیسرا عشرہ جہنم کی آگ سے نجات کا ہے۔ اس ماہ کی عظمت کا اندازہ فقط اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ قرآن مقدس کا نزول اسی پاک مہینے میں ہوا۔ یہ مہینہ نیکیوں کا موسم بہار ہے جس میں اللہ تعالیٰ عبادت و ریاضت اور ہر نوع کی نیکی اور بھلائی کا اجر پہلے کی نسبت کئی گنا بڑھا کر عطا کرتا ہے۔ اس لیے مسلمان اپنے رب کی رضا اور خوشنودی میں پہلے سے زیادہ مستعد اور آمادہ و پابند عمل خیر ہو جاتا ہے۔

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے سکریٹری مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی پیغام رمضان کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کا مقصد تقویٰ کا حصول ہے۔ اس مہینے میں روزے کو فرض اور تراویح کو سنت قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزہ وہ عظیم فریضہ ہے جسکا اجر و ثواب اللہ تعالیٰ خود عطا فرمائے گا۔ ہمیں چاہیے کہ رمضان المبارک کے قیمتی اوقات عبادت و ریاضت میں گزاریں کیونکہ اس مہینے میں اللہ تعالیٰ کی طرف سے انوار وبرکات کا نزول ہوتا ہے اور اس کی رحمتیں موسلادھار بارش کی طرح برستی ہیں، مگر ہم لوگ اپنی غفلت اور سستی کی وجہ سے اس مبارک مہینے کی پوری قدر نہیں کرپاتے اور مادیت اور دنیاداری کے غلبے کی وجہ سے اس ماہ مبارک سے پورا استفادہ نہیں ہوپاتا۔


مولانا محمد عمرین نے کہا کہ اس لئے رمضان المبارک کی عظمت و برکت اور اہمیت و فضیلت سے امت مسلمہ کو واقف کرانے اور اس ماہ مبارک سے مکمل استفادے کی راہ ہموار کرنے کے لئے سوشل میڈیا ڈیسک آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی جانب سے علماء و اکابر کے خطبات کا ایک منفرد سلسلہ بعنوان ’پیغام رمضان‘ کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ مولانا رحمانی نے اس سلسلے پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ ’پیغام رمضان‘ کا یہ سلسلہ بڑی اہمیت کا حامل ہے، اس سے مسلمانوں کو رمضان المبارک کے قیمتی اوقات صحیح طریقے پر عبادت و ریاضت میں گزارنے کی ترغیب ملے گی اور اوقات کے ضیاع سے حفاظت ہوگی۔

مولانا نے کہا کہ یہ سلسلہ رمضان المبارک کی بابرکت راتوں میں روزانہ رات ٹھیک دس بجے سے بورڈ کے آفیشل یوٹیوب چینل اور فیس بک پیج پر نشر ہوگا۔ جس میں اراکین بورڈ اور ملک بھر کے مختلف علماء کرام اور مسالک و مکاتب فکر کے سربراہ حضرات بالخصوص مولانا عبد الرحیم مجددی (سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ) کے خطبات ہوں گے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔