اب تو بی جے پی لیڈربھی بولنے لگے ہیں یوپی میں ایس پی کی حکومت آئے گی:رام گوپال

امت شاہ کہتے ہیں اکھلیش مندر کی تعمیر روک دیں گے جبکہ عدالت کے حکم پر مندر تعمیر ہورہاہے جس کو کوئی بھی نہیں روک پائے گا۔

فائل تصویر آئ اے این ایس
فائل تصویر آئ اے این ایس
user

یو این آئی

سماج وادی پارٹی کے جنرل سکریٹری رام گوپال یادو نے کہا ہےکہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے خلاف عوامی غصے کی وجہ سے پارٹی صدر اکھلیش یادو کا 400 سیٹیں جیتنے کا دعویٰ بھی پختہ ہوتا نظرآرہا ہے اور اب تو برسراقتدار پارٹی کے لیڈربھی ماننے لگے ہیں کہ ریاست میں ایس پی اتحاد کی حکومت بننے جارہی ہے۔

اٹاوہ ہیڈکوارٹر میں سماج وادی سمواد پروگرام میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر یادو نے جمعہ کو کہا کہ بی جے پی کے خلاف غصہ 1977 میں پیدا ہونے والے عوامی غصے کی یاد دلاتا ہے اور کچھ دن پہلے اکھلیش یادو نے 400 سیٹیں جیتنے کی بات کی تھی، لیکن وہ حقیقت میں سچ ہونے جارہا ہے۔ دہلی میں بی جے پی کے بڑے لیڈرکہنے لگے ہیں کہ اترپردیش میں ایس پی کی حکومت آرہی ہے۔


انہوں نے کہا کہ اتر پردیش میں بڑے پیمانے پر بی جے پی کا صفایا ہونے جا رہا ہے۔ ریاست میں صرف ایس پی اور بی جے پی کے درمیان لڑائی ہے۔ اکھلیش اکیلے پوری بی جے پی سے لڑ کر مقابلہ کررہے ہیں۔

ایس پی جنرل سکریٹری نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ ایس پی کو فسادی پارٹی کہہ رہے ہیں۔ ایسا بی جے پی کے لیڈر اقتدارسے دور جانے کااحساس ہونے پر کہہ رہے ہیں۔ امت شاہ کہتے ہیں اکھلیش مندر کی تعمیر روک دیں گے۔ عدالت کے حکم پر مندر تعمیر ہورہاہے جس کو کوئی بھی نہیں روک پائے گا۔ اکھلیش حکومت آنے پر چندے کی چوری روکی جائے گی اس سے شاندار اور اچھا مندر اجودھیا میں بنایاجائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔