دہلی کے سابق چیف سکریٹری راکیش مہتا نے خودکشی کی!
نوئیڈا پولیس نے ایک خودکشی نوٹ برآمد کیا ہے جس میں راکیش مہتا نے اپنی خودکشی کے پیچھے اپنی "ذہنی اور صحت کے مسائل" کا حوالہ دیا ہے۔
دہلی کے سابق چیف سکریٹری 74سالہ راکیش مہتا نے مبینہ طور پر نوئیڈا میں اپنی رہائش گاہ پر خودکشی کرلی۔ حکام نے بتایا کہ ان کی لاش چھہ ستمبر کو نوئیڈا کے سیکٹر 82 میں واقع ان کی رہائش گاہ پر چھت کے پنکھے سے لٹکی ہوئی ملی۔ راکیش مہتا نے اس وقت کی وزیر اعلیٰ شیلا دکشت کے دور میں تقریباً تین سال تک چیف سکریٹری کے طور پر خدمات انجام دیں۔ حکام کے مطابق نوئیڈا پولیس نے ایک خودکشی نوٹ برآمد کیا ہے جس میں انہوں نےخود کشی کے پیچھے اپنی "ذہنی اور صحت کے مسائل" کا حوالہ دیا ہے۔
راکیش مہتا نے سابق وزیر اعلیٰ شیلا دکشت کے دور میں تین سال سے زیادہ دہلی کے چیف سکریٹری کے طور پر خدمات انجام دیں۔ وہ 1975 بیچ کے انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس کےافسر تھے۔ ان کے دور میں 2010 کے کامن ویلتھ گیمز دہلی میں منعقد ہوئے۔ مزید برآں، بلیو لائن بسوں کو نچلی منزل والی بسوں سے تبدیل کرنے، اور ٹرانسپورٹ اور شہری انفراسٹرکچر میں بہتری میں کلیدی کردار ادا کیا۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق ان کے سابق ساتھیوں نے بتایا کہ وہ دہلی حکومت میں مختلف عہدوں پر فائز رہے اور میونسپل کارپوریشن آف دہلی (ایم سی ڈی) کے کمشنر بھی رہے۔ انہوں نے 2007 میں چیف سیکرٹری کا عہدہ سنبھالا اور نومبر 2010 میں ریٹائر ہوئے۔ ان کی آخری رسومات پیر یعنی 7 ستمبر کو لودھی روڈ قبرستان میں ادا کی گئیں۔
پولیس کو واقعہ کی اطلاع ڈائل 112 کے ذریعہ ملی اور فیز 2 تھانے کی ایک ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ راکیش مہتا کے فلیٹ کا دروازہ اندر سے بند تھا جسے پولس نے توڑ کر اندر داخلہ کیا۔ اندر سے ان کی لاش برآمد ہوئی۔ واقعہ کے وقت سابق چیف سکریٹری کی اہلیہ سمنتی مہتا اپنے بیٹے سے ملنے دہرادون میں تھیں۔
پولیس اب موت کی وجہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ گھر سے ملنے والے نوٹ اور دیگر شواہد کی چھان بین کی جا رہی ہے۔ جب سمنتی مہتا کی بار بار کی گئی فون کالز کا جواب نہیں دیا گیا تو اسے شک ہوا کہ کچھ گڑبڑ ہے اور پولیس کو اطلاع دی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
