راجیہ سبھا: ہلدوانی میں ’شدھی کرن‘ واقعہ پر کھڑگے کا اظہارِ ناراضگی، نڈا نے جانچ کرانے کا کیا وعدہ

ایوانِ بالا میں کھڑگے نے کہا کہ ’’میں اپنے ایس سی ہونے کو ایشو نہیں بناتا، لیکن شدھی کرن واقعہ سے میری بے عزتی کی گئی ہے۔ میری تقریر کے بعد پوجا کر کے اس اسٹیج کی تطہیر کا عمل انجام دیا گیا۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>ملکارجن کھڑگے اور جے پی نڈا راجیہ سبھا میں اپنی بات رکھتے ہوئے</p></div>
i

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے 8 اگست کو اتراکھنڈ کے ہلدوانی واقع رام لیلا میدان میں ہوئی ’وجے شنکھ ناد ریلی‘ کی تھی۔ کھڑگے ریلی کر کے واپس دہلی آ گئے، لیکن اب رام لیلا میدان میں ’شدھی کرن‘ پوجا کی خبر سرخیوں میں ہے، جس پر کانگریس نے اپنا سخت اعتراض ظاہر کیا ہے۔ اس معاملہ پر آج پارلیمنٹ میں بھی ہنگامہ دیکھنے کو ملا۔

آج راجیہ سبھا کی کارروائی کے دوران ایوان میں حزب اختلاف کے قائد ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ ’’میں اپنے درج فہرست ذات (ایس سی) یا دلت ہونے کو ایشو نہیں بناتا، لیکن ’شدھی کرن‘ واقعہ سے میری توہین کی گئی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’بڑی تکلیف کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ میں نے ہلدوانی میں عوامی خطاب کے دوران رام لیلا میدان میں تقریر کی۔ لاکھوں لوگ وہاں موجود تھے۔ اس وقت میں نے کسی سماج یا کسی مذہب کا نام نہیں لیا، وہاں صرف لوگوں کے مسائل بیان کیے۔ لیکن میری تقریر کے بعد کل اُن لوگوں نے پوجا کر کے اس اسٹیج کی تطہیر کا کام کیا۔‘‘


کھڑگے کے اس بیان پر مرکزی وزیر جے پی نڈا نے ایوانِ بالا میں کہا کہ ’’حکومت اس عمل کی مذمت کرتی ہے اور اس کی جانچ کرائی جائے گی۔‘‘ انھوں نے واضح لفظوں میں یہ بھی کہا کہ ’’بی جے پی ایسی سرگرمیوں کی حمایت نہیں کرتی۔ میں آپ کے جذبات کی حمایت کرتا ہوں۔ ہمارے لیے بھی یہ افسوسناک ہے۔ براہ کرم بار بار یہ مت کہیے کہ ’ہم نے کیا‘۔ بی جے پی اس کی حمایت نہیں کرتی۔‘‘‘ اس پر کھڑگے نے کہا کہ ’’میں نڈا جی کا نام نہیں لے رہا ہوں۔ میں صرف یہ کہہ رہا ہوں کہ معاملہ درج کیا جائے اور جن لوگوں نے ایسا کیا ہے، انہیں گرفتار کیا جائے۔ ہمارا یہی مطالبہ ہے۔‘‘

اس معاملہ میں راجیہ سبھا کے چیئرمین سی پی رادھاکرشنن نے کہا کہ ’’اگر چھوا چھوت گناہ نہیں ہے تو اس دنیا میں کوئی گناہ نہیں ہے۔‘‘ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ہم سب اس (شدھی کرن واقعہ) کی مذمت کرتے ہیں، چاہے ہماری پارٹی کوئی بھی ہو۔ ہم سب پاک ہیں۔ جن لوگوں نے یہ کیا ہے، انہیں پکڑا جانا چاہیے۔ اس پر کوئی دو رائے نہیں ہے۔‘‘ اس دوران کھڑگے نے مطالبہ کیا کہ ہلدوانی میں جن لوگوں نے اسٹیج کا ’شدھی کرن‘ کیا، ان پر چھوا چھوت ایکٹ کے تحت کیس درج ہو اور انھیں گرفتار کر جیل بھیجا جائے۔


قابل ذکر ہے کہ ہلدوانی ریلی کے بعد ’شری رام سینا دھرمارتھ سیوا نیاس‘ کی جانب سے رام لیلا میدان میں ’شدھی کرن یگیہ‘ کرایا گیا تھا۔ تنظیم کے اراکین نے کھڑگے کو سناتن اور ہندو تنظیموں کا مخالف قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ جس میدان میں رام لیلا کا انعقاد ہوتا ہے، وہاں ایسے شخص کے آنے کے بعد میدان کی تطہیر کیا جانا ضروری تھا۔ اب کانگریس کے درج فہرست ذات مورچہ نے اس پورے واقعہ کو دلت مخالف ذہنیت قرار دیتے ہوئے بی جے پی کو نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس کا الزام ہے کہ شدھی کرن یگیہ بی جے پی سے وابستہ لوگوں نے کرایا ہے۔ پارٹی لیڈران نے سوال اٹھایا ہے کہ آخر کانگریس کی ریلی کے بعد ہی رام لیلا میدان کے ’شدھی کرن‘ کی ضرورت کیوں پیش آئی؟