راجستھان: ’پرساد‘ کھانے کے بعد 300 سے زیادہ لوگ ہوئے بیمار، اسپتالوں میں بیڈ کی کمی، افرا تفری کا ماحول

ایک ساتھ بڑی تعداد میں مریضوں کے اسپتال پہنچنے سے ڈاکٹروں میں بھی کھلبلی مچ گئی، اسپتالوں میں بستر کی کمی کو دیکھتے ہوئے کچھ مریضوں کا فرش پر لٹا کر علاج کرنا پڑا۔

پرساد علامتی تصویر
پرساد علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

راجستھان کے دوسا میں ’پرساد‘ کھانے کے بعد 300 سے زیادہ لوگوں کے بیماری ہونے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ سبھی لوگوں کو الگ الگ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ مریضوں کی زیادہ تعداد کی وجہ سے اسپتالوں میں بیڈ کی کمی محسوس کی جانے لگی ہے اور افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔ دراصل سرکاری ملازمت لگنے پر ایک نوجوان کے کنبہ نے مذہبی تقریب منعقد کی جس میں بطور پرساد لڈو، پوری، سبزی، دال کے بڑے وغیرہ کھانے میں پیش کیے گئے تھے۔ ان چیزوں میں سے ہی کسی میں زہریلی شئے ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ جمعرات کی شب کا ہے جب پرساد کھانے کے بعد یکے بعد دیگرے لوگ بیمار پڑنے لگے۔ انھیں الٹی، دست اور پیٹ درد کی شکایت ہونے لگی جس کو دیکھ کر بھگدڑ جیسی حالت پیدا ہو گئی۔ معاملہ دوسا کے منڈاور تھانہ حلقہ واقع پاکھر چوڑاکی گاؤں کا ہے، جہاں جمعرات کی شب تقریباً 9 بجے ایک ساتھ 300 سے زائد افراد ’فوڈ پوائزننگ‘ کے شکار ہو گئے۔


مریضوں کو فوری طور پر مہوا اور منڈاور اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ لگاتار مریضوں کی بڑھتی تعداد کو دیکھ کر کئی لوگوں کو مہوا ضلع اسپتال میں بھی داخل کرایا گیا۔ ایک ساتھ بڑی تعداد میں مریضوں کے اسپتال پہنچنے سے ڈاکٹروں میں بھی کھلبلی مچ گئی۔ اسپتالوں میں بستر کی کمی کو دیکھتے ہوئے کچھ مریضوں کا فرش پر لٹا کر بھی علاج کرنا پڑا۔

پرساد کھانے کے بعد بڑی تعداد میں لوگوں کے بیمار ہونے کی اطلاع مقامی پولیس و انتظامیہ کو ملی تو وہ بھی سرگرم ہوگئی۔ فوڈ پوائزننگ کی خبر پر دوسا سے سی ایم ایچ او ڈاکٹر سبھاش بلونیا بھی دیر رات مہوا اسپتال پہنچے جہاں بیمار لوگوں کا اپنی نگرانی میں علاج کروایا۔ ساتھ ہی جائے وقوع پر بھی میڈیکل محکمہ کی ٹیم نے پہنچ کر بیمار لوگوں کا علاج شروع کیا۔


دوسری طرف بیمار لوگوں کی طبیعت میں بہتری کے بعد میڈیکل ٹیم نے فوڈ سیمپل لے کر جانچ کے لیے بھجوا دیا ہے۔ جانچ کے بعد ہی پتہ چل سکے گا کہ لڈو، پوری، سبزی یا دال کے بڑے، کس چیز کے کھانے سے اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کی طبیعت ناساز ہوئی۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے مہوا رکن اسمبلی اوم پرکاش ہڑلا، تحصیلدار ہرکیش مینا، ڈپٹی ایس پی برجیش کمار، تھانہ انچارج جتیندر سنگھ سولنکی، منڈاور تھانہ انچارج سچن شرما، سابق پردھان راجندر مینا نے بھی مہوا اور منڈاور اسپتال پہنچ کر مریضوں کی عیادت کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔