راجستھان: بچوں کو پڑھائی جا رہی غلط تاریخ، ’تلک‘ کو بتایا گیا دہشت گردی کا بانی

بی جے پی حکمراں ریاست راجستھان کے اسکولوں میں مجاہد آزادی بال گنگا دھر تلک کی بے عزتی کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ یہاں 8ویں درجہ کے بچوں کو پڑھایا جا رہا ہے کہ گنگا دھرتلک ’فادرآف ٹیررزم‘ تھے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

راجستھان حکومت میں محکمہ تعلیم کے افسران نے لاپروائی کی ساری حدیں پار کر دی ہیں۔ راجستھان سیکنڈری ایجوکیشن ایجوکیشن بورڈ سے منظور شدہ انگریزی میڈیم کے پرائیویٹ اسکولوں میں 8ویں درجہ کی ایک کتاب میں مجاہد آزادی بال گنگا دھر تلک کو ’دہشت گردی کا بانی‘ (فادر آف ٹیررزم) بتایا گیا ہے۔ متنازعہ کتاب ریاست کے پرائیویٹ اسکول میں طلبا کے نصاب میں شامل ہے۔

راجستھان اسٹیٹ ایجوکیشن بورڈ کتابوں کو ہندی میں شائع کرتا ہے اس لیے بورڈ سے منظور شدہ انگریزی میڈیم کے اسکولوں کے لیے متھرا کے ایک پبلشر کی حوالہ جاتی کتاب کا استعمال ہوتا ہے۔ اس معاملے پر تنازعہ بڑھتا ہوا دیکھ کر کتاب کے پبلشر نے وضاحت پیش کی ہے کہ یہ ترجمہ کی غلطی ہے۔

اس کتاب کے صفحہ نمبر 267 پر تلک کے بارے میں لکھا گیا ہے کہ انھوں نے قومی تحریک کا راستہ دکھایا تھا اس لیے انھیں دہشت گردی کا بانی کہا جاتا ہے۔ کتاب میں بال گنگا دھر تلک کے بارے میں 18ویں اور 19ویں صدی کے قومی تحریک کے ضمن میں لکھا گیا ہے۔

اس معاملے پر کانگریس ریاست میں حکمراں جماعت بی جے پی پر حملہ آور نظر آ رہی ہے۔ر اجستھان ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر سچن پائلٹ نے اسے ملک کی بے عزتی قرار دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ تعلیمی نصاب کو جس غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے یہ بے حد مایوس کن ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس سے مجاہدین آزادی کے وقار کو ٹھیس پہنچ رہا ہے۔ انھوں نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ لوک مایہ بال گنگا دھر تلک کے ضمن میں جس کتاب میں غلط باتیں لکھی گئی ہیں اسے نصاب سے ہٹایا جائے اور کتاب پر پابندی عائد کی جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔