دہلی میں مزید 5 دنوں تک ہوگی بارش، یوپی-بہار سے کرناٹک تک الرٹ

محکمۂ موسمیات کے مطابق اگست کے پہلے ہفتے میں بارش کے کئی سال کے ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ اب بھی کئی ریاستوں میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

<div class="paragraphs"><p>دہلی میں بارش کا منظر۔ ویڈیو گریب ’ایکس‘&nbsp;<a href="https://x.com/AHindinews">@AHindinews</a></p></div>
i

مانسون کی وجہ سے ملک کی کئی ریاستوں میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ میدانی علاقوں سے لے کر پہاڑوں تک شدید بارش ہو رہی ہے۔ شدید بارش کی وجہ سے پہاڑی ریاستوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے معاملے بڑھ گئے ہیں، جبکہ کئی ریاستوں میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ اگست کے پہلے ہفتے میں بارش کے کئی سال کے ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ اس دوران ہندوستانی محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے آج یعنی 13 اگست کے لیے کئی ریاستوں میں بارش کی پیش گوئی جاری کی ہے۔

محکمۂ موسمیات کا اندازہ ہے کہ راجدھانی دہلی میں 13 اگست کو بادل چھائے رہیں گے۔ دوپہر سے شام کے وقت ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے، اور یہ سلسلہ آئندہ 5 دنوں تک، یعنی 18 اگست تک جاری رہ سکتا ہے۔ آج کم از کم درجۂ حرارت 24 سے 26 ڈگری سیلسیس رہنے کی امید ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ محکمۂ موسمیات کا اندازہ ہے کہ اگلے 7 دنوں میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت میں کوئی خاص تبدیلی نہیں ہوگی۔ دن کے دوران جنوب مشرقی ہوائیں 10 سے 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں۔


اتر پردیش میں ان دنوں خوب بارش ہو رہی ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق آج مشرقی اتر پردیش میں کچھ مقامات پر شدید بارش ہو سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ریاست کے کئی حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بجلی گرنے کا بھی امکان ہے۔ آنے والے دنوں میں مشرقی اتر پردیش میں بارش کی سرگرمیاں مزید بڑھ سکتی ہیں۔ محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کل سے 18 اگست تک مشرقی یوپی میں کئی مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔ مغربی یوپی میں بھی کل سے 17 اگست کے درمیان شدید بارش کا امکان ہے۔ بہار کے کچھ علاقوں میں آج بارش ہو سکتی ہے، لیکن کل سے ریاست میں بارش کی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ کل سے 18 اگست کے دوران بہار میں کئی مقامات پر بارش کی پیش گوئی ہے۔ اس دوران ریاست میں کچھ مقامات پر شدید بارش ہو سکتی ہے۔ جھارکھنڈ میں آج کئی علاقوں میں بارش کے ساتھ گرج چمک دیکھنے کو مل سکتی ہے۔ کل جھارکھنڈ میں بہت شدید بارش ہو سکتی ہے۔

آج گنگائی مغربی بنگال اور اڈیشہ میں کچھ مقامات پر شدید ترین بارش ہو سکتی ہے۔ اڈیشہ میں 16 اگست تک شدید بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ آج مغربی مدھیہ پردیش میں شدید بارش ہو سکتی ہے، جبکہ مشرقی مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں بھی کچھ علاقوں میں تیز بارش دیکھنے کو مل سکتی ہے۔ آج راجستھان کے کچھ علاقوں میں شدید بارش ہو سکتی ہے۔ مہاراشٹر میں کونکن اور گوا میں 15 اگست تک شدید بارش ہو سکتی ہے۔


جنوبی ہندوستان میں کرناٹک، کیرالہ، تمل ناڈو، آندھرا پردیش، تلنگانہ اور رائل سیما کے کئی علاقوں میں بارش ہو سکتی ہے۔ ساحلی کرناٹک اور کیرالہ میں 18 اگست تک وسیع پیمانے پر بارش ہو سکتی ہے۔ شمال مشرقی ہندوستان میں آسام، میگھالیہ اور دیگر ریاستوں میں 18 اگست تک وسیع پیمانے پر بارش کا امکان ہے۔ اتراکھنڈ میں آج محکمۂ موسمیات نے شدید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اس کے بعد آئی ایم ڈی نے ریاست میں 15 اور 18 اگست کو شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ ہماچل پردیش میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔ ریاست کے کُلّو، منڈی، چمبا، سولن، کانگڑا، بلاسپور، سرمور، کنّور، لاہول اسپیتی اور اونا میں شدید بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ جموں و کشمیر میں بھی کئی اضلاع میں بارش اور آندھی کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔