بارش نے ہوڑہ کی معمولات زندگی کو کیا درہم برہم، سڑکیں زیر آب، پانی گھروں میں داخل، آئی ایم ڈی نے جاری کیا الرٹ

ہوڑہ میں جمعرات کی شام تیز ہواؤں کے ساتھ شروع ہونے والی شدید بارش کا سلسلہ جمعہ کی صبح تک جاری رہا، جس کے نتیجے میں شہر کے کئی علاقوں میں آبی جماؤ کی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>بارش کا دور جاری/ویڈیو گریب</p></div>
i

کولکاتا میں گزشتہ کئی گھنٹوں سے جاری موسلادھار بارش کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو گئی ہے۔ ایک طرف نیتاجی سبھاش چندر بوس بین الاقوامی ہوائی اڈہ جانے والی مرکزی سڑک پر شدید آبی جماؤ کے باعث ٹریفک متاثر ہوئی، تو دوسری جانب ہوڑہ کے ایک اسکول میں بھی بارش کا پانی داخل ہو گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ کولکاتا ہوائی اڈے کی جانب جانے والی اہم سڑکوں پر بھی بارش کا پانی اس قدر جمع ہو گیا تھا کہ ہلکی گاڑیوں کے لیے گزرنا دشوار ہو گیا، جبکہ بھاری گاڑیاں آہستہ آہستہ چلتی دکھائی دے رہی تھیں۔

ہوڑہ میں جمعرات کی شام تیز ہواؤں کے ساتھ شروع ہونے والی شدید بارش کا سلسلہ جمعہ کی صبح تک جاری رہا، جس کے نتیجے میں شہر کے کئی علاقوں میں آبی جماؤ کی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔ مسلسل بارش کے باعث متعدد سڑکیں زیر آب ہو چکی ہیں اور نشیبی علاقوں میں کہیں ٹخنوں تک اور کہیں گھٹنوں تک پانی بھر گیا ہے۔ لوگوں کے گھروں میں بارش کا پانی داخل ہونے سے گھریلو سامان بھی خراب ہو گیا ہے۔


موصولہ اطلاع کے مطابق پانی جمع ہونے کی وجہ سے لوگوں کو آمد و رفت میں شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ہوڑہ کے بالی بیرک پور ہائی اسکول کے احاطہ میں بھی پانی داخل ہو چکا ہے، جس سے تدریسی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔ اسکول کے کلاس رومز، اسٹاف روم اور مڈ ڈے میل تیار کرنے والے کمرے بھی پانی سے بھر گئے ہیں۔ ٹکیاپاڑا، سالکیا، گھسوری، بیلگاچھیا اور شیوپور سمیت ہوڑہ کے کئی علاقوں کی سڑکیں زیر آب ہیں۔

دوسری جانب ہگلی پل (ودیاساگر سیتو) کے برج ایپروچ روڈ پر بھی پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک متاثر ہوئی ہے۔ خاص طور پر دفاتر جانے والے افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ہوڑہ میونسپل کارپوریشن کے امور کی نگرانی کرنے والے ریاستی وزیر برائے شہری ترقی امیش رائے نے بتایا کہ مختلف مقامات پر پمپوں کے ذریعہ پانی نکالنے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پانی نکاسی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے جلد ہی نالوں کی صفائی اور گاد نکالنے کا کام بھی شروع کیا جائے گا تاکہ آئندہ بارش کا پانی تیزی سے خارج ہو سکے۔


اس درمیان مغربی بنگال کے دارجیلنگ میں بالاسن ندی پر دودھیا علاقہ میں قائم عارضی ہیوم پائپ پل گزشتہ رات شدید بارش کے باعث بہہ گیا۔ یہ پل سلی گوڑی اور میرک کو جوڑنے والا اہم راستہ تھا۔ شدید بارش کے باعث ندی میں اچانک پانی کی سطح بلند ہو گئی، جس سے پل مکمل طور پر بہہ گیا۔